news
English

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹرہینرک کلاسن ٹیسٹ کرکٹ سےریٹائرہوگئے

اپنے پورے کیریئر میں وہ 12 سنچریاں اور 24 نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ 

جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر بیٹرہینرک کلاسن ٹیسٹ کرکٹ سےریٹائرہوگئے

جنوبی افریقہ کے اسٹار کرکٹر اور وکٹ کیپر بیٹر ہینرک کلاسن نے ٹیسٹ کرکٹ سے فوری طور پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تاہم کلاسن کا کہنا ہے کہ وہ وائٹ بال فارمیٹس میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کے لیے دستیاب رہیں گے۔ 
ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار مڈل آرڈر بلے بازوں میں سے ایک کے طور پر پہچانے جانے والے ہینرک کلاسن نے 4 سال کے عرصے میں صرف 4 ٹیسٹ میچز کھیلے، حال ہی میں گزشتہ سال انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی، وہ جنوبی افریقہ کے دوسرے سینئر کرکٹر ہیں جو ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں، اس سے قبل ڈین ایلگر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔

کرکٹر نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے جذباتی پیغام لکھا کہ چند راتیں بغیر نیند کے گزارنے کے بعد میں نے سوچا کہ کیا میں ٹھیک فیصلہ لے رہا ہوں، میں نے ریڈ بال کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔،، 
انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مشکل تھا کیونکہ یہ ان کا پسندیدہ فارمیٹ ہے۔،، 
ہینرک کلاسن ایک تجربہ کار فرسٹ کلاس کرکٹر ہیں، جنہوں نے 85 میچ کھیلے اور 46 کی شاندار اوسط سے 5347 رنز بنائے، اپنے پورے کیریئر میں وہ 12 سنچریاں اور 24 نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ 
ہینرک کلاسن کو جنوبی افریقہ میں بہترین وکٹ کیپربلے باز سمجھا جاتا تھا، لیکن جنوبی افریقہ نے بھارت کے خلاف ہونے والی حالیہ ہوم سیریز کے لیے کلاسن پر کائل ویرین کو ترجیح دی تھی۔