news
English

پاکستان ورلڈکپ سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟ اگرمگرکا کھیل شروع

پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے تو نہ صرف اپنے باقی تمام میچ جیتنے ہوں گے بلکہ ساتھ ہی رن ریٹ پر بھی فوکس کرنا ہوگا۔

پاکستان ورلڈکپ سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟ اگرمگرکا کھیل شروع

افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ضرور ہوگئے ہیں لیکن ختم نہیں ہوئے۔ 
ٹورنامنٹ میں پاکستان اب تک اپنے پانچ گروپ میچز کھیل چکا ہے جس میں اُسے دو میں فتح ملی اور تین میں شکست ہوئی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔ 
پاکستان کے اب چار میچ باقی بچے ہیں اور اگر پاکستان یہ تمام میچ جیت جاتا ہے تو اس کے زیادہ سے زیادہ ممکنہ پوائنٹس 12 ہوجائیں گے۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ، 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش، 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 11 نومبر کو انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔ پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، جنوبی افریقہ 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔  
بظاہر بھارت، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی سیمی فائنل میں جگہ پکی نظر آتی ہے تاہم چوتھی کوالیفائنگ پوزیشن کے لیے اصل مقابلہ پاکستان اور آسٹریلیا میں ہوگا۔ آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے تاہم آسٹریلیا نے ابھی چار میچز کھیلے ہیں اور اس کے پانچ میچ باقی ہیں۔ 
اگر آسٹریلیا اپنے باقی میچوں میں سے صرف ایک میچ ہارتا ہے اور چار میں کامیاب ہوتا ہے تو پاکستان کے اگلے تمام میچز جیتنے کی صورت میں دونوں کے پوائنٹس 12، 12 ہوجائیں گے اور رن ریٹ کی بنیاد پر دونوں میں سے کوئی ایک سیمی فائنل میں جائے گا لیکن اگر آسٹریلیا دو میچز ہارتا اور اور پاکستان تمام میچز جیت جاتا ہے تو پاکستان سیمی فائنل میں کوالیفائی کرجائے گا۔ 
اگر جنوبی افریقہ اپنے باقی میچز میں سے دو ہار جاتا ہے تو 9 میچز میں تین شکستوں کے ساتھ اس کے پوائنٹس بھی 12 ہوجائیں گے اور پھر تیسری اور چوتھی پوزیشن کیلئے رن ریٹ پر فیصلہ ہوگا۔ 
پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانی ہے تو نہ صرف اپنے باقی تمام میچ جیتنے ہوں گے بلکہ ساتھ ہی رن ریٹ پر بھی فوکس کرنا ہوگا تاکہ چوتھی یا تیسری پوزیشن کیلئے رن ریٹ کی بنیاد پر کوالیفائی کرسکے۔