news
English

جنوبی افریقہ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کوشکست، پاکستان کےامکانات روشن

نیوزی لینڈ کو ملنے والی 190 رنز کی شکست سے پاکستانی ٹیم کے لیے ورلڈ کپ میں آگے بڑھنے کی راہ ہموار ہوتی نظر آرہی ہے۔

جنوبی افریقہ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کوشکست، پاکستان کےامکانات روشن

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ 2023 کی ابتدا میں ہی نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کھانے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم اس وقت عالمی کپ کی دوڑ میں زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ نیدرلینڈز کے خلاف شکست جنوبی افریقہ کے لیے اس ٹورنامنٹ میں اب تک کی واحد شکست ہے اور گذشتہ روز ہونے والے میچ میں اس نے نیوزی لینڈ کو بھی شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اہم مقام حاصل کرلیا ہے۔
جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے سامنے 358 رنز کا ہدف رکھا تھا، لیکن ٹام لیتھم کی ٹیم 35.3 اوورس میں محض 167 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کو ملنے والی 190 رنز کی اس شکست نے پاکستانی ٹیم کے لیے خوشی کا ماحول مہیا کیا ہے۔ اس میچ سے جو نتیجہ نکلا ہے اس نے پاکستان (7 میچوں میں 6 پوائنٹس) ہی نہیں، افغانستان (6 میچز میں 6 پوائنٹس) اور سری لنکا (6 میچز میں 4 پوائنٹس) کے ساتھ ساتھ نیدرلینڈز (6 میچز میں 4 پوائنٹس) کے لیے بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امید کچھ حد تک روشن کر دی ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے منگل کے روز کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں اپنی پے در پے شکستوں کا سلسلہ روک دیا تھا۔ اس اہم جیت نے پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر پہنچا دیا ہے، سات میچوں میں سے تین جیت کر پاکستان نے چھ پوائنٹس حاصل کرلیےہیں تاہم پاکستان کے لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانا ابھی بھی دشوار ہے کیونکہ اسے آگے ایک مشکل راہ کا سامنا ہے۔ 
دوسری جانب، نیوزی لینڈ بدھ کو پونے میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 190 رنز کی شکست کھانے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ فی الحال، نیوزی لینڈ کا نیٹ رن ریٹ +0.484 ہے، اس کے برعکس پاکستان کا نیٹ رن ریٹ -0.024 ہے۔ 
نیوزی لینڈ کو ملنے والی 190 رنز کی شکست سے پاکستانی ٹیم کے لیے ورلڈ کپ میں آگے بڑھنے کی راہ ہموار ہوتی نظر آرہی ہے، آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں ہفتے کے روز بنگلورو میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا اگر پاکستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو اس کے پوائنٹس 8 ہوجائیں گے اور نیوزی لینڈ پوائنٹس ٹیبل پر مزید نیچے چلا جائے گا۔