news
English

’’آئی ایل ٹی 20 جلد مشکل ترین لیگ بن جائے گی‘‘ محمد عامر

آئی ایل ٹی 20 میں ڈیزرٹ وائپرز کے بولر محمد عامر کی 3 وکٹیں، کپتان شاہین آفریدی کی زبردست قائدانہ اننگزنے ہاتھ سے نکلتا ہوا میچ جتوادیا۔

’’آئی ایل ٹی 20 جلد مشکل ترین لیگ بن جائے گی‘‘ محمد عامر

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی انٹرنیشنل ٹی20 لیگ (آئی ایل ٹی) آئندہ آنے والے دنوں میں دنیا کی مشکل ترین لیگز میں ایک ہوجائے گی۔ 
گزشتہ روز ممبئی انڈینز ایمرٹس کے خلاف 3 وکٹیں لینے والے ڈیزرٹ وائپرز کے پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ ہر میچ میں 18 انٹرنیشنل اسٹارز ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتے ہیں، اسی لیے میں سمجھتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں آئی ایل ٹی 20 مشکل ترین لیگ بن جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مقامی پلیئرز کے حوالے سے کافی خوش ہوں، وہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ یہ لیگ اماراتی کرکٹ کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ 
محمد عامر نے کہا کہ انہوں نے میچ میں ضرور 3 وکٹیں لیں مگر سب سے اہم بات ٹیم کی فتح ہے جس کے لیے بہت خوش ہوں۔ 
آئی ایل ٹی 20 میں پاکستان کھلاڑیوں کی جانب سے شاندار کارکردگی کے مظاہرے کا سلسلہ جاری ہے۔ آئی ایم ایمریٹس اور ڈیزٹ وائپرز کے درمیان لیگ کے 14 ویں میچ میں محمد عامرنے شاندار بولنگ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کے پرخچے اڑادیئے، انہوں نے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی۔ محمد عامر کو مین آف دی میچ بھی قرار دیا گیا۔ اسی میچ میں پاکستان کے ایک اور کھلاڑی اور ڈیزرٹ وائپرز کے کپتان شاہین آفریدی نے بھی 17 رنز ناٹ آوٹ کی زبردست اننگر کھیلی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ 
آئی ایم ایمریٹس اور ڈیزٹ وائپرز کے درمیان کانٹے کا مقابلہ رہا اور فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔ ایم آئی ایمریٹس کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز ہی بناسکی لیکن انہوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک وقت پر صرف 65 رنز پر ڈیزرٹ وائپرز کے پانچ کھلاڑی آؤٹ کردیئے تھے۔ 
ڈیزرٹ وائپرز کے شیرفین ردرفورڈ نے بولٹ کے 17 ویں اوور میں چھکا اور دو چوکے لگا کر 17 رنز حاصل کرنے کے بعد 35 رنز بنا کر فتح کی امیدوں کو روشن کر دیا۔ 
شاہین آفریدی اور لیوک ووڈ نے آخری 12 گیندوں پر 17 رنز بنائے جبکہ ٹرینٹ بولٹ کے آخری اوور میں 10 رنز حاصل کیے،شاہین آفریدی نے آخری گیند پربائونڈری لگاکر اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔
اس سے قبل ایم آئی ایمریٹس کی بیٹنگ لائن محمد عامر کی تیزرفتار بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکی، عامر نے 26 رنز دیکر 3 وکٹیں لیں، لیوک ووڈ نے32 رنز دے کر 2 وکٹیں لیں اور متھیشا پتھیرانا نے بھی 32 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز پانے والے محمد عامر نے کہا کہ یہ ایک دلچسپ مقابلہ تھا اور مجھے خوشی ہے کہ میں نے ٹیم کے لیے کچھ کیا، ہماری بولنگ کی شراکت داری اچھی رہی اس کے علاوہ شاہین آفریدی کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کیا جس سے مدد ملی۔