news
English

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ، صدر مملکت اور آرمی چیف کی شرکت

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دیئےگئےعشائیے میں جنرل قمر جاوید باجوہ اور صدر مملکت نے شرکت کی، میزبان نے کرکٹ ٹیم سے متعلق آرمی چیف سے سوال بھی کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ، صدر مملکت اور آرمی چیف کی شرکت

پی سی بی چئیرمین رمیز راجہ کی جانب سے ورلڈ کپ کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ میں کھلاڑیوں کے علاوہ صدر مملکت اور آرمی چیف نے بھی شرکت کی۔ رمیزراجہ نے صدر مملکت اور آرمی چیف سمیت تمام مہمانوں کا استقبال کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے صحافیوں اور قومی کرکٹرز سے ملاقات کی اور غیر رسمی گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹرز بہت اچھا کھیلتے ہیں، کھلاڑی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کےلٸے محنت کریں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹ کیا جانا چاہیے، کرکٹ کے ساتھ ہاکی اور فٹبال کا کھیل پسند ہے، کھیلوں کی بہتری کے لٸے اپنی سپورٹ جاری رکھوں گا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے رنگا رنگ عشائیے کی تقریب میں سوال و جواب کے سلسلے میں جواب دیتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ فارمیٹ میں شاداب خان بہترین کرکٹر ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ لیڈر شپ کا کام لڑنا ہوتا ہے، ہار جیت ہوتی رہتی ہے، جو لیڈر اپنی غلطی مان نہیں سکتا وہ لیڈر نہیں بن سکتا، شاہین آفریدی زخمی نہ ہوتا تو پاکستان انگلینڈ کے فائنل کا رزلٹ مختلف ہوتا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ورلڈکپ میں ہم کلوز مارجن سے ہارے، بھارت ورلڈکپ میں 10وکٹوں سے ہارا، ہماری ٹیم اب دوبارہ کھڑی ہوگئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی کرکٹرز سے ملاقات کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

آرمی چیف نے بابر اعظم اور شاہین آفریدی سے بھی گفتگو کی، جبکہ شاہین آفریدی سے ان کی انجری سے متعلق دریافت کیا۔

علاوہ ازیں صدر مملکت عارف علوی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے ارکان میرے ہیروز ہیں، کرکٹرز اپنی کارکردگی سے قوم کو خوشی پہنچاتے ہیں، پورا پاکستان کرکٹ ایکسپرٹ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے ورلڈ کپ ہارنے کے باوجود بہترین کرکٹ کھیلی، ہمارے کرکٹرز خراب پرفارمنس کے بعد ایک بہترین پرفارمنس دکھاکر حیران کردیتے ہیں، یہ کھلاڑی قوم میں خوشیاں بکھرتے ہیں۔