احمد آباد کے ہوٹلوں میں ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ گئی
ورلڈ کپ 2023 کے اہم مقابلے پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے باعث احمد آباد کے ہوٹلوں کے کرائے میں کئی گُنا اضافہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی جانب سے ون ڈے ورلڈکپ شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 15 اکتوبر کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی تاہم اس سے قبل ہوٹلوں کے کرائیوں میں معمول سے 10 سے 15 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔
پاک بھارت میچ کے دوران ہوٹلی کی بکنگ کی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ ہوٹلز کے ڈیلکس کمرے کی قیمت 5 ہزار 699 روپے سے بڑھ کر 71 ہزار 999 بھارتی روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اس طرح ایس جی ہائی وے پر واقع رینیسنس احمد آباد ہوٹل نے میچ کے روز کمرے کی بکنگ 8 ہزار سے بڑھا کر 90 ہزار 679 بھارتی روپے تک کردی ہے۔
احمد آباد کے نریندرا مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، تاہم ٹکٹوں کی بکنگ کے حوالے سے ابھی اعلان ہونا باقی ہے۔
میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں کوالیفائر ون کے خلاف میچ سے کرے گا۔
شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا کوالیفائرٹوسے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔
گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا جبکہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آبادکے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔