پاکستان اپنے بقیہ تمام میچز جیت کر10 پوائنٹس کے ساتھ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرسکتا ہے۔
ورلڈ کپ کے گذشتہ چار میچز میں مسلسل شکستوں کے باعث گرین شرٹس کا بظاہرسیمی فائنل میں کوالیفائی کرنا مشکل نظر آتا ہے مگر اعداد و شمار اور پوائنٹس ٹیبل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اب بھی امید برقرار ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرسکتا ہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق اگر بلیک کیپس اپنے اگلے 3 میچ ہارتے ہیں تو وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام کریں گے اور پاکستان اپنے بقیہ تمام میچ جیت کر10 پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کے لئے کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں آسکتا ہے۔
27 اکتوبر کو چنئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف میگا ایونٹ میں گرین شرٹس کی مسلسل چوتھی شکست کے بعد اگرچہ ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں رسائی کا راستہ مشکل ہو گیا ہے تاہم سیمی فائنل تک ان کا راستہ سیدھا نہیں ہے اور اس وقت کرکٹ کے گرائونڈز سے باہر کئی منظرنامے چل رہے ہیں۔
آنے والے دنوں میں پاکستان کو بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے ساتھ تین میچز کھیلنے ہیں اور آگے بڑھنے کے لیے تینوں میچ جیتنا لازمی ہوں گے۔
دوسری جانب گرین شرٹس کا سفر آسان بنانے کے لیے نیوزی لینڈ کو اپنے بقیہ میچز ہارنے کی ضرورت ہے جو کہ اتنا آسان نہیں ہے کیونکہ ان کے چھ میچوں میں آٹھ پوائنٹس ہیں اگر بلیک کیپس اپنے اگلے تین میچ ہار جاتے ہیں تو وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام کریں گے اور پاکستان اپنے اگلے تین حریفوں کو شکست دینے کے باعث 10 پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کی پوزیشن میں آجائے گا۔
آج کے میچ میں اگر سری لنکا کو شکست دے کر افغانستان جیت جائے اور اگلے میچ میں پاکستان، بنگلہ دیش کو ہرا دے، اس کے اگلے میچ میں نیوزی لینڈ کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست ہو اور اس کے بعد کے میچ میں انڈیا کی ٹیم سری لنکا کو ہرائے اور اس کے بعد ہونے والے میچ میں افغانستان، نیدرلینڈز کو پچھاڑ دے اور پھر پاکستان، نیوزی لینڈ کو شکست دے اور اس سے اگلے میچ میں انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا فتحیاب ہو اور اس سے اگلے مقابلے میں بھارت، جنوبی افریقہ کو ٹکردے اور اس سے اگلے میچ میں سری لنکا، بنگلہ دیش کو ہرادے، آسٹریلیا بمقابلہ افغانستان میں آسٹریلیا کی جیت ہو اور اس سے اگلے میچ میں انگلینڈ، نیدرلینڈز کو ہرادے، اس سے اگلے مقابلے میں سری لنکا، نیوزی لینڈ کو پچھاڑ دے، اس کے بعد جنوبی افریقہ، افغانستان کے خلاف کامیاب ہو، اگلے میچ میں بنگلہ دیش، آسٹریلیا سے ہار جائے، اگلے میچ میں پاکستان، انگلینڈ کے خلاف کامیاب ہو اور آخری گروپ میچ میں بھارت، نیدرلینڈز کو ہرادے۔
اگر اس منظر نامے کے مطابق تمام نتائج حاصل ہوں تو پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے نمبر پر آئے گا، اس کے بعد جنوبی افریقہ 14 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہو گا۔ آسٹریلیا پروٹیز کے برابر پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے گا جبکہ پاکستان 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر آکر ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلے گا، اگرچہ یہ ایک مثالی منظر نامہ ہے اور بظاہر لگتا نہیں کہ پاکستان سیمی فائنل میں جگہ بنا پائے گا مگر کرکٹ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ایک گیند بھی سارے کھیل کا پانسہ پلٹ دیتی ہے تو پاکستانی شائقین کی امید تاحال برقرار ہے کہ گرین شرٹس میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔