بی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل جے شاہ ذاتی طور پر صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد سمندری طوفان کے باعث خراب حالات نے بارباڈوس میں ہندوستانی ٹیم کو گھیر لیا۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل جے شاہ ذاتی طور پر صورت حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بیرل کی وجہ سے ورلڈ ٹی 20 چیمپئن بھارتی کرکٹ ٹیم بارباڈوس میں پھنس کر رہ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق تیسرے درجے کا سمندری طوفان بیرل ممکنہ طور پر آج کسی وقت بارباڈوس سے ٹکرائے گا۔ طوفان کا لینڈ فال شدید ہونے کی توقع ہے جس کے باعث بارباڈوس کا ہوائی اڈہ بند ہو جائے گا اور پروازیں بھی منسوخ کی جا رہی ہیں۔
سمندری طوفان کی وجہ سے انڈین ٹیم کی بھارت روانگی میں تاخیر ہوسکتی ہے اور ٹیم بلیوشرٹس کو مزید کچھ وقت بارباڈوس میں ہی رہنا پڑ سکتا ہے، بھارتی ٹیم فی الحال اپنے ہوٹل میں قیام پذیر ہے۔
نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق بیرل 2024 اٹلانٹک سیزن کا پہلا سمندری طوفان ہے جو اتوار کی صبح ایک “انتہائی خطرناک” کیٹیگری 3 کے طوفان میں تبدیل ہو گیا تھا۔
حکام کے مطابق یہ طوفان آنے والے دنوں میں اپنے راستے میں بہت زیادہ تباہی لانے والا ہے، طوفان کے سبب بارباڈوس میں ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں اور ساحلی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاجارہاہے۔