news
English

مجھے خوشی ہے کہ رضوان نے کراچی کنگز کو چھوڑ دیا، عماد وسیم

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے پچھلے سیزن میں بابر اعظم کی کپتانی میں کھیلنے کے بارے میں بھی اظہارِخیال کیا۔

مجھے خوشی ہے کہ رضوان نے کراچی کنگز کو چھوڑ دیا، عماد وسیم

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا ہے کہ وہ ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی بطور ٹی ٹوئنٹی بلے باز ترقی پر خوش ہیں۔

پیر کے روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمادوسیم نے کہا کہ کراچی کنگز کے ساتھ ہونے کے دوران وکٹ کیپر بلے باز کو ابتدائی بیٹرز میں جگہ نہیں مل رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 

ہمیں ابتدائی پوزیشنز میں رضوان کے لیے جگہ نہیں مل سکی اور ہم اسے مڈل آرڈر میں نہیں کھلانا چاہتے تھے۔ عمادوسیم نے کہا کہ میں ایلکس ہیلز اور بابر اعظم کی اوپننگ جوڑی کو تبدیل نہیں کرنا چاہتا تھا۔

میں نے کبھی نہیں کہا کہ رضوان اچھا کھلاڑی نہیں ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ اسے ایک اور فرنچائز کے لیے اوپننگ کا موقع ملا اور اس نے سب کو غلط ثابت کیا۔ اگر وہ ہمارے ساتھ رہتا تو شاید اسے اس طرح کھلنے کا موقع نہ ملتا، اس لیے مجھے خوشی ہے کہ اس نے ہمیں چھوڑ دیا اور سب کو غلط ثابت کیا۔

عمادوسیم نے واضح کیا ہے کہ وہ بابر اعظم کو پشاور زلمی سے ٹریڈ کرنے کے فیصلے میں شامل نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کا فوکس صرف پی ایس ایل پر ہے، آگے کا نہیں سوچ رہے، کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ بابر اعظم کی کراچی کنگز کے لیے بہت خدمات ہیں، فرنچائز کرکٹ میں پلیئرز آتے جاتے رہتے ہیں، اس سے فرق نہیں پڑتا۔

 انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 کے لیے سب ہی پرجوش ہیں، کوشش کریں گے کہ اچھا کومبینیشن بنا کر میدان میں اتریں۔

کراچی کنگز کے کپتان نے مزید کہا کہ ہم پی ایس ایل سے پاکستان کا کلچر پوری دنیا کو دکھاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شعیب ملک کی موجودگی سے فائدہ ہوگا، محمد عامر مستقل کرکٹ کھیلتے آ رہے ہیں، ورک لوڈ مینیجمنٹ دیکھیں گے۔

عماد وسیم نے یہ بھی کہا کہ ہر کسی کی قیادت کا اپنا انداز ہے، میں جارحانہ کھیل پر یقین رکھتا ہوں، ابھی فوکس صرف پی ایس ایل پر ہے، آگے کا نہیں سوچ رہا۔

انہوں نے کہا کہ دوستی یاری کبھی کی نہ دوست یاروں کو ٹیم میں لاتا ہوں۔ کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل نے دنیا کی دیگر لیگز اور ٹیموں کو بھی پلیئرز دیے۔ غیر ملکی پلیئرز بھی اسے ترجیح دیتے ہیں۔