خوف کے باعث بھارت چھوڑا، زینب عباس نے سوشل میڈیا پر اپنے بھارت چھوڑنے کی وجہ بتادی۔
پاکستانی اسپورٹس پریزینٹر زینب عباس کا بھارت چھوڑنے کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا۔
'مجھے بھارت میں ڈر لگ رہا تھا'۔ اسپورٹس پریزینٹر زینب عباس نے بتایا کہ انہوں نے ورلڈ کپ کے دوران ہندوستان کیوں چھوڑا تھا۔
زینب عباس کا اب سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک بیان سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے اپنی ماضی کی سوشل میڈیا پوسٹس پر معذرت طلب کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر شیئر کردہ پوسٹ میں زینب عباس نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے پسندیدہ کھیل کیلئے سفر کے مواقع ملنے پر خود کو انتہائی خوش قسمت تصور کیا ہے اور بھارت میں میرا قیام خوشگوار رہا اور لوگوں کا رویہ مشفقانہ تھا۔
زینب عباس کا کہنا ہے کہ مجھے نہ تو بھارت چھوڑنے کا کہا گیا نہ ہی ملک بدر کیا گیا۔ مجھے فوری طور پر وہاں کوئی خطرہ نہیں تھا تاہم انٹرنیٹ پر اپنے خلاف آنے والے ردعمل سے خوفزدہ ہوگئی تھی۔ اس صورتحال سے میرے خاندان اور سرحد کے دونوں طرف کے دوست بھی پریشان تھے۔
زینب عباس نے اپنی پوسٹس پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ میں ان پوسٹس سے ہونے والی تکلیف کو سمجھ سکتی ہوں اور اس پر افسوس کرتی ہوں۔ اس طرح کی زبان کیلئے کوئی عذر یا گنجائش نہیں اور جن لوگوں کی بھی دل آزاری ہوئی میں اُن سے معافی چاہتی ہوں۔ میں اُن لوگوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے اس مشکل وقت میں میرے لیے فکرمندی ظاہر کی اور تعاون کیا۔
یاد رہے کہ زینب عباس کرکٹ ورلڈ کپ میں بطور پریزینٹر اپنے فرائض انجام دینے بھارت پہنچی تھیں تاہم انہیں بھارت میں مسلسل دباؤ کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے حفاظتی اقدام کے طور پر 9 اکتوبر کو بھارت چھوڑ دیا تھا۔
زینب عباس کے قریبی ذرائع نے ان کے بھارت سے دبئی پہنچنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے یہ قدم اپنی فیملی اور دیگر براڈ کاسٹرز کے مشورے کے بعد اٹھایا ہے۔
بھارت میں ایک ونیت جندل نامی وکیل نے زینب عباس پر بھارت مخالف ٹوئٹس کرنے کا الزام لگا کر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی، زینب عباس کی جانب سے یہ ٹوئٹس کئی سال پہلے کی گئی تھیں۔