news
English

پہلے عجیب لگتا تھا مگر اب چاچو کہلوانے میں مزہ آتا ہے، افتخار احمد

جیسے جیسے افتخاراحمد کی مقبولیت بڑھتی گئی، ویسے ویسے ان کی عرفیت "چاچو" کا استعمال بھی بڑھتا گیا، انہوں نے اسے اسٹیڈیم میں اور یہاں تک کہ سوشل میڈیا پر بھی کثرت سے سننا شروع کیا اور اس سے لطف اندوز ہونے لگے۔

پہلے عجیب لگتا تھا مگر اب چاچو کہلوانے میں مزہ آتا ہے، افتخار احمد

افتخار احمد نے اسٹیڈیم میں اپنے مداحوں کی جانب سے "چاچو" کہنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو وہ اس لقب سے ناراض ہوتے تھے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ اس سے لطف اندوز ہونے لگے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے انہیں اس طرح پکارنے کے بعد مداحوں نے بھی انہیں 'چاچو' کہنا شروع کردیا۔ مڈل آرڈر بیٹر کی یہ عرفیت، جس کا اردو میں مطلب 'چاچا' ہے، سوشل میڈیا پر مشہورہوتا گیا اور شائقین نے انہیں اسٹیڈیم میں بھی اسی نام سے پکارنا شروع کردیا۔

کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں افتخار کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہمیشہ چھ، سات اور آخر کے نمبروں پر بیٹنگ کی۔

افتخار احمد نے کہا کہ غلطی کرکے وکٹیں گنوائیں ورنہ میچ جیت سکتے تھے۔افتخار احمد نے کہا کہ اُوپر کے پلیئرز جلد آؤٹ ہوجائیں تو بعد میں مشکل ہوجاتی ہے، حارث بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگیا ورنہ میچ کو آخر تک لے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ وائٹ بال میں دس یا بارہ کا اوسط آخری اوورز میں مشکل نہیں ہوتا، ایک طرف کی ہوا چل رہی تھی اگر آخر تک جاتے تو آرام سے جیت جاتے۔

انہوں نے چاچو کے حوالے سے کہا کہ اگر میں آپ کو ایمانداری سے کہوں تو میں شروع میں چاچو کے نعروں سے ناراض ہوتا تھا۔ تاہم، اب میں اس سے لطف اندوز ہونے لگا ہوں. مجھے یاد ہے کہ جب شاہد آفریدی بلے بازی کے لیے آتے تو شائقین ان کے لیے خوشی کا اظہار کرتے تھے۔ اب، وہ میرے لیے اسی طرح خوش ہوتے ہیں، جس سے مجھے خوشی ہوتی ہے۔ یہ کوئی بری چیز نہیں ہے، کیونکہ یہ ہجوم کا میرا ساتھ دینے کا طریقہ ہے۔ افتخار احمد نے کہا کہ میں اب اس سے پریشان نہیں ہوں اور حقیقت میں ان نعروں سے لطف اندوز ہوں، لہذا میں مداحوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ بھی لطف اندوز ہوتے رہیں۔

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیلنے کو فقط ایک گیند ملے یا پچاس اوور ہوں صورتحال کے مطابق کھیلنا ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ لسٹ اے میں میرا بلے بازی کا ریکارڈ دنیا کے بہترین پلیئرز کے ساتھ آتا ہے۔