news
English

کیرئیر کے عروج پر مجھے زہر دیا گیا تھا، عمران نذیر کا انکشاف

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر عمران نذیر نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی کی کہانی شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کیرئیر کے عروج پر کسی نے زہر دے دیا تھا۔

کیرئیر کے عروج پر مجھے زہر دیا گیا تھا، عمران نذیر کا انکشاف

پاکستان کی قومی ٹیم کے لیے1999 سے 2012 کے درمیان 8 ٹیسٹ، 79 ون ڈے اور 25 ٹی20 انٹرنیشنل کھیلنے والے عمران نذیر نے پہلی بار گزشتہ برس اپنی بیماری کا انکشاف کیا تھا جبکہ اب انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات بتائی ہیں۔

یوٹیوبر نادر علی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران نذیر نے بتایا کہ جب میرا حال ہی میں ایم آر آئی اسکین ہوا تو پتہ چلا کہ مجھے ایک انتہائی سست رفتار زہر مرکری دیا گیا تھا، یہ آپ کے جوڑوں تک پہنچتا ہے اور انہیں نقصان پہنچاتا ہے۔ 8 سے 10 سالوں کے درمیان میرے جوڑوں کا علاج کیا گیا جو تقریباً خراب ہوچکے تھے۔

 انہوں نے کہا کہ بیماری کے دوران اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا تھا بستر پر نہ ڈال دیجئے گا، اور شکر ہے ایسا کبھی نہیں ہوا۔ میں گھومتا پھرتا تھا اور جب لوگ پوچھتے تھے ‘تم ٹھیک لگ رہے ہو’۔ مجھے بہت سے لوگوں پر شک تھا لیکن میں نے کب اور کیا کھایا، میں نہیں جان سکتا، کیونکہ مرکری فوری اثر نہیں کرتا اس لیے نہیں معلوم کس نے کیا کیا۔

عمران نذیر نے کہا کہ 8-10 سال تک، میرے تمام جوڑوں کا علاج کیا گیا اس دوران میری ساری جمع پونجی ختم ہوگئی تھی، ایک اندازے کے مطابق 12-15 کروڑ روپے خرچ کرچکے تھے۔

 دائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ ان کے مشکل وقت میں پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی چٹان کی طرح ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور ان کی بہت مدد کی، جب میں شاہد بھائی سے ملا تو میرے پاس کچھ نہیں بچا تھا۔ شاہد بھائی نے ایک دن کے اندر میرے ڈاکٹر کو اس کے اکاؤنٹ میں رقم جمع کرادی تھی اور ڈاکٹر کو کہا تھا کہ چاہے کتنے پیسے کی ضرورت ہو، میرا بھائی ٹھیک ہونا چاہیے، میرے علاج پر انہوں نے 40 سے 50 لاکھ روپے خرچ کیے، میں شاہد بھائی کی یہ محبت اور احسان کبھی نہیں بھول سکتا۔