news
English

آئی سی سی کا ’’ڈگ آؤٹ‘‘کیس میں پڑنے سے گریز

ترجمان کے مطابق یہ ایک ڈومیسٹک ایونٹ اور میزبان بورڈ کو ہی معاملہ دیکھنا ہے

آئی سی سی کا ’’ڈگ آؤٹ‘‘کیس میں پڑنے سے گریز تصویر: اے ایف پی

پی ایس ایل میچ میں کراچی کنگز کے آفیشل کی جانب سے ڈگ آؤٹ میں موبائل فون کے استعمال کو آئی سی سی نے پی سی بی کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا۔

ترجمان کے مطابق یہ ایک ڈومیسٹک ایونٹ اور میزبان بورڈ کو ہی معاملہ دیکھنا ہے۔ دوسری جانب ٹیم کے کوچ ڈین جونز نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طارق وصی پریکٹس کے اوقات طے کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پشاورزلمی کے خلاف جمعے کی شب کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے ایک آفیشل کی جانب سے ڈگ آؤٹ میں موبائل فون استعمال کرنے کی ویڈیو وائرل ہوئی۔ آفیشل کی اس حرکت پر اعتراض کرنے والوں میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر بھی شامل تھے جنھوں نے اسے غلط قرار دیا۔

اس معاملے پر بھارتی میڈیا  نے تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے ہی رابطہ کرلیا، جس پر ایک آفیشل نے واضح کیا کہ یہ ایک ڈومیسٹک میچ اور پی سی بی کا اپنا معاملہ ہے۔ دوسری جانب کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز نے ڈگ آؤٹ میں آفیشل کی جانب سے موبائل فون استعمال کیے جانے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹی ٹوئنٹی لیگز میں چیف ایگزیکٹیو/منیجر کو فون رکھنے کی اجازت ہوتی ہے۔

ہمارے سی ای او طارق وصی کام کر رہے ہیں، وہ پریکٹس کے اوقات طے کررہے تھے، بہرحال اس بارے میں فکر مندی ظاہر کرنے والوں کا شکریہ۔ یاد رہے کہ آئی سی سی قوانین کے تحت ڈریسنگ روم/ڈگ آؤٹ میں کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی ہے، میچ شروع ہونے سے قبل انھیں کمیونی کیشنز ڈیوائس ساتھ موجود اینٹی کرپشن آفیشل کے حوالے کرنا ہوتی ہیں۔

ایک ذیلی آرٹیکل 4.2  میں آئی سی سی نے واضح کیاکہ ہر ٹیم منیجر کو موبائل ڈیوائس اپنے ساتھ رکھنے کی اجازت ہے، وہ اسے کسی کرکٹنگ مقصد یا پھر پلیئر یا سپورٹ اسٹاف کو انتہائی اہم ذاتی مسئلہ پیش آنے پر استعمال کرسکتا ہے۔