ورلڈ کپ 2023 کا پہلا سیمی فائنل بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان جبکہ دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور سائوتھ افریقہ کے درمیان کھیلا جائےگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت میں جاری دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل کیلئے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی کے مطابق بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان 15 نمبر کو (بدھ کےروز) ہونے والے سیمی فائنل میں روڈ ٹکر اور رچرڈ النگورتھ فیلڈ امپائر ہوں گے جبکہ اینڈریو پائیکرافٹ میچ ریفری ہوں گے۔
آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان 16 ونمبر کو (جمعرات کے روز) ہونے والے ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں رچرڈ کیٹلبرو اور نتن مینن فیلڈ امپائر ہوں گے جبکہ کرس گفانے تھرڈ اور مائیکل گف فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔
جاواگل سری ناتھ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے سیمی فائنل ٹاکرے میں میچ ریفری ہوں گے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے امپائر احسن رضا نے بھی 50 ون ڈے میچز مکمل کرلیے، انگلینڈ اور نیدرلینڈز کے درمیان ہونے والا میچ احسن رضا کے کیریئر کا 50 واں میچ تھا۔
دوسری جانب بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں روڈ ٹکر بطور امپائر ون ڈے میچز کی سنچری مکمل کرلیں گے۔
واضح رہے کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا سیمی فائنل 15 نومبر کو ممبئی میں جبکہ دوسرا سیمی فائنل آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان 16 نومبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا، میگا ایونٹ کے سیمی فائنلز کے حوالے سے شائقین میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔