news
English

آئی سی سی کا دسمبر کےلئے پلیئر آف دا منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان

دسمبر کے بہترین کھلاڑیوں کے لیے مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز میں تین، تین ناموں کا اعلان، کوئی بھی پاکستانی کرکٹر شامل نہیں۔

آئی سی سی کا دسمبر کےلئے پلیئر آف دا منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان

آئی سی سی نے دسمبر کے لئے پلیئر آف دا منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔ 
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے دسمبر کے بہترین کھلاڑیوں کے لیے مردوں اور خواتین کی کیٹیگریز میں تین، تین ناموں کا اعلان کردیا جس میں کوئی بھی پاکستانی کرکٹر شامل نہیں ہے۔ 
آئی سی سی مینز پلیئر آف دا منتھ دسمبر کی نامزدگیوں میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز، بنگلہ دیش کے تیج الاسلام اور نیوزی لینڈ کے گلین فلپس شامل ہیں۔ 
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ بولنگ سمیت مجموعی پرفارمنس، بنگلہ دیشی بولر تیج الاسلام کو نیوزی لینڈ کے خلاف عمدہ بولنگ جبکہ نیوزی لینڈ کے پلیئر گلین فلپس کو بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ میچ میں عمدہ بولنگ اور بیٹنگ پر نامزد کیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب خواتین کی کیٹیگری میں بھارت کی جمائمہ روڈریگز اور دپیتی شرما اور زمبابوے کی پریشیس مارنج کو نامزد کیا گیا ہے۔ 
جمائمہ نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے میچز میں عمدہ پرفارمنس کے ذریعے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا تھا، انگلینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں انہوں نے 47 رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کی تھیں اور انتہائی اہم نصف سنچری بھی اسکور کی تھی، جبکہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 73 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ 
دپیتی شرما نے دسمبر کے مہینے میں دو ٹیسٹ میچوں میں 165 رنز بنائے اور 11 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں انہوں نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 
زمبابوے کی پریشس مارنج نے یوگنڈا کے خلاف آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے کوالیفائر میچ میں چار اوورز میں 7 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں جس میں ہیٹ ٹرک بھی شامل تھی۔ 
افریقہ ریجن کے کوالیفائر ٹورنامنٹ میں انہوں نے مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کی تھیں جس کی وجہ سے آئی سی سی نے ان کا نام پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا ہے۔