اضافی اخراجات کے لیے مختص 4.5 ملین ڈالر پاکستان سے میچوں کی منتقلی کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہو سکتے ہیں۔
آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے آئندہ برس پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے 7 کروڑ ڈالرز کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کی زیرسربراہی مالیاتی اور تجارتی کمیٹی نے بجٹ کی جانچ پڑتال کے بعد منظوری دی، پی سی بی اور آئی سی سی کے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ طور پر7 کروڑ ڈالرز کا بجٹ تیار کرکے منظوری کے لیے پیش کیا تھا۔
منظورشدہ بجٹ کے ساتھ اضافی اخراجات کے لیے 45 لاکھ ڈالرز مختص کیے گئے ہیں،اضافی اخراجات کی منظوری نے قیاس آرائیاں پیدا کی ہیں کہ بھارت کی جانب سے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کی صورت میں بیک اپ فنڈزرکھے گئے ہیں اور چند میچز دیگر مقامات پر کھیلے جائیں گے، البتہ اس رقم کو کم تصور کیا جارہا ہے، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اضافی اخراجات کے لیے مختص 4.5 ملین ڈالر پاکستان سے میچوں کی منتقلی کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہو سکتے ہیں۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اگلے سال ہونے والے ایشیا کپ میں دوبارہ بھارت اور پاکستان ایک ہی گروپ میں شامل کیے گئے ہیں، جو ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں دوسری بار کھیل سکتے ہیں، اے سی سی الجھنوں اور تاخیر سے وینیو کی تبدیلی اور ٹورنامنٹ کے دوران اضافی اخراجات کے باوجود پاکستان اور سری لنکا میں ہونے والے ایشیا کپ 2023 سے منافع کمانے میں کامیاب رہی تھی اور اسے یہ منافع پاک بھارت میچز کی وجہ سے حاصل ہواتھا۔