news
English

آئی سی سی اجلاس، نجم سیٹھی نے پلان کیوں تبدیل کیا؟

 لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پی ایس ایل فائنل کی خاطر دبئی روانگی کا ٹریول پلان تبدیل کرلیا۔

آئی سی سی اجلاس، نجم سیٹھی نے پلان کیوں تبدیل کیا؟

ایکسپریس نیوز کے مطابق نجم سیٹھی اب ہفتے کو شیڈول فائنل کے فوری بعد دبئی کے لیے اڑان بھریں گے جبکہ آفیشلز سلمان نصیر اور فیصل حسنین آج دبئی پہنچ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں اعلیٰ بورڈ حکام 18 اور 19 مارچ کو شیڈول آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز اور دوسری میٹنگز میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ان اجلاسوں میں سامنے آنے والی تجاویز پر آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلوں کی منظوری لی جائے گی جبکہ اہم اجلاس 20 مارچ کو طے ہے۔

 نجم سیٹھی اجلاس میں رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی روانگی کے حوالے سے پی سی بی کا موقف پیش کریں گے۔

قبل ازیں نجم سیٹھی نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ وہ 17 مارچ کو دبئی روانہ ہوں گے تاہم گزشتہ روز پی ایس ایل فائنل ری شیڈول کرتے ہوئے ایک روز پہلے 19 کے بجائے 18 مارچ ہفتے کو کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پی ایس ایل فائنل کا شیڈول تبدیل کرنے کا مقصد نجم سیٹھی اور پی سی بی کی طرف سے محکمہ موسمیات کی جانب سے اتوار کو بارش کا جواز پیش کیا گیا تھا۔

نجم سیٹھی 21 مارچ کو ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایشیاکپ کی میزبانی پر پاکستان کی جانب سے سخت موقف اپنائیں گے۔