news
English

آئی سی سی نے سری لنکا کی رکنیت بحال کردی

رکنیت معطل ہونے کی وجہ سے سری لنکا انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی سے محروم رہا جو اس وقت جنوبی افریقہ میں کھیلا جا رہا ہے۔

آئی سی سی نے سری لنکا کی رکنیت بحال کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا کرکٹ بورڈ پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے اس کی رکنیت بحال کردی ہے۔ 
آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ “آئی سی سی سری لنکن کرکٹ بورڈ کی معطلی کے بعد سے صورتحال کی نگرانی کر رہا تھا اور اب انٹرنیشنل کونسل مطمئن ہے کہ سری لنکن بورڈ رکنیت کی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی نہیں کر رہا۔” 
بیان میں کہا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آج سری لنکا پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کر دی ہے۔ آئی سی سی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کی رکنیت سیاسی مداخلت کے باعث معطل کی تھی۔ 
ورلڈ کپ 2023 کے ایک میچ میں بھارت کے خلاف شرمناک شکست پر سری لنکا کے وزیر برائے کھیل نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں کو برطرف کردیا تھا۔ 
آئی سی سی نے بورڈ کے معاملات میں مسلسل حکومتی مداخلت کی وجہ سے 10 نومبر 2023 کو ورلڈ کپ کے دوران ہی سری لنکا کی رکنیت معطل کر دی تھی۔ 
رکنیت معطل ہونے کی وجہ سے سری لنکا انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی سے محروم رہا جو اس وقت جنوبی افریقہ میں کھیلا جا رہا ہے۔