news

آئی سی سی رینکنگ: فخر، امام اورشاہین کی تنزلی، بابراعظم کی پہلی پوزیشن محفوظ

بھارتی بیٹر شبھمن گِل پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم سے محض 5 ریٹنگ پوائنٹس دور ہیں۔

آئی سی سی رینکنگ: فخر، امام اورشاہین کی تنزلی، بابراعظم کی پہلی پوزیشن محفوظ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی۔ 
آئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق ون ڈے بیٹرز میں پاکستان کی قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم 835 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بھارتی بلے باز شبھمن گِل 830 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ 
جنوبی افریقہ کے وین ڈرڈسن 758 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق کی دو درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ ساتویں سے نویں نمبر پر آگئے ہیں، اسی طرح آؤٹ آف فارم اوپنر فخر زمان بھی دو درجہ تنزلی کے بعد 11ویں سے 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ 
بولرز میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ قومی ٹیم کے پیسر شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد ٹاپ 10 سے باہر ہوگئے ہیں اور 11ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ 

دوسری جانب ٹی20 بیٹرز میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ پاکستان کے محمد رضوان دوسرے اور بابر اعظم چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔