news
English

نمبر ون پلیئرکی دوڑ: بابراعظم اور شبھمن گل میں فاصلہ کم ہونے لگا

بابر اعظم ورلڈ کپ 2023 میں اب تک پانچ اننگز میں 157 رنز بنانے کے باوجود مجموعی طور پر 829 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ اول نمبر پر ہیں۔

نمبر ون پلیئرکی دوڑ: بابراعظم اور شبھمن گل میں فاصلہ کم ہونے لگا

ون ڈے رینکنگ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور بھارتی بلے باز شبمھن گل میں فاصلہ صرف 6 پوائنٹس کا رہ گیا۔ 
آئی سی سی کی جاری کردہ تازی ترین رینکنگ میں شاہین آفریدی کی ٹاپ 10 بولرز کی فہرست میں واپسی ہوئی ہے۔  
آئی سی سی کی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم کی برتری صرف چھ ریٹنگ پوائنٹس رہ گئی ہے کیونکہ بھارتی بلے باز شبھمن گل اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ میں شاندار فارم میں موجود دیگر کھلاڑی پاکستانی کپتان کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں اب تک پانچ اننگز میں 157 رنز بنانے کے باوجود بابراعظم مجموعی طور پر 829 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہیں۔ انہوں نے اپنے آخری میچ میں افغانستان کے خلاف 74 رنز بنائے تھے۔ 
دوسری جانب شبھمن گل نے بھارت کے لیے صرف تین میچوں میں بلے بازی کرتے ہوئے 95 رنز بنائے ہیں، انہوں نے پونے میں بنگلہ دیش کے خلاف 53 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس کی وجہ سےوہ 823 ریٹنگ پوائنٹس پر پہنچ گئے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک ون ڈے بلے بازوں کی درجہ بندی میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے ساتھی کھلاڑی ہینرک کلاسن،7 درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ ویرات کوہلی کے ریٹنگ پوائنٹس میں تین درجے بہتری ہوئی ہے اور ڈیوڈ وارنر درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ 
ڈیرل مچل ورلڈ کپ 2023 میں 268 رنز بنانے کے بعد تیرھویں نمبر پر آگئے ہیں۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے ون ڈے بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، بھارتی بولر محمد سراج ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے اسپنرکیشو مہاراج اب تک ٹورنامنٹ میں سات وکٹیں لینے کے بعد دو درجے ترقی کرکے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں، افغانستان کے محمد نبی چھٹے نمبر پرآگئے ہیں اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا ساتویں نمبر پر ٹاپ 10 میں موجود ہیں۔
بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن آل راؤنڈرز کی ون ڈے رینکنگ میں تاحال پہلے نمبر پر ہیں۔