مکی آرتھر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ کھیل کسی بڑے انٹرنیشنل کرکٹ میچ سے زیادہ "بی سی سی آئی کے ایونٹ" کی طرح لگ رہا ہے۔
آئی سی سی نے مکی آرتھر کے ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق بیان پر ردِ عمل دے دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل( آئی سی سی)نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کے ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ سے متعلق بیان کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی، پاکستانی ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کے بیان کا تفصیلی جائزہ لے گا، جنہوں نے ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کے میچ کو بھارتی بورڈ کی میوچل سیریز کی طرح قرار دیا تھا۔
آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ وہ جو بھی ایونٹ منعقد کرتے ہیں، اسے ہمیشہ کسی نہ کسی کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے مگر وہ تنقید پر توجہ دینے کے بجائے ہمیشہ چیزوں کو بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایونٹ کا آغاز ہے، آگے دیکھیں گے کہ چیزیں کس طرح چلتی ہیں، اور اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ کیا بہتر کیا جا سکتا ہے۔
گریگ بارکلے نے یہ بھی کہا وہ مطمئن ہیں کہ یہ ایک غیر معمولی ورلڈکپ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے قومی ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد کہا تھا کہ آج کا میچ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ایونٹ نہیں بلکہ بورڈ آف کنٹرول فور کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کا ہوم ایونٹ لگا۔ جس پر سابق پاکستانی کرکٹرز سمیت بیشتر کھلاڑیوں کی جانب سے مکی آرتھر کو تنقید کا نشانہ بنایاگیاتھا۔