news
English

پاکستانی کرکٹرز کے لیے ’’نولفٹ‘‘ کا بورڈ لگ گیا

بابراعظم اور محمد رضوان کی ون ڈے کرکٹ میں اچھی کارکردگی کو بھی نظراندازکردیاگیا۔

پاکستانی کرکٹرز کے لیے ’’نولفٹ‘‘ کا بورڈ لگ گیا

آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے پاکستانی کرکٹرز کے لیے ’’نولفٹ‘‘ کا بورڈ لگا دیا۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی تشکیل دی گئی مینز ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں عثمان خواجہ، ڈیموتھ کرونارتنے، کین ولیمسن، جو روٹ، ٹریوس ہیڈ، رویندرا جڈیجا، الیکس کیری، پیٹ کمنز (کپتان)، روی چندرن ایشون، مچل اسٹارک اور اسٹورٹ براڈ موجود ہیں۔ 
اسی طرح مینز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، ٹریوس ہیڈ، ویرات کوہلی، ڈیرل مچل، ہینریچ کلاسن، مارکو جینسن، ایڈم زیمپا، محمد سراج، کلدیپ یادیو اور محمد شامی کوجگہ دی گئی ہے۔  
مینز ٹوئنٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں یشوی جیسوال، فل سالٹ، نکولس پوران، سوریا کمار یادیو، مارک چیپمین، سکندر رضا، الپیش ریمجانی، مارک ایڈائر، روی بشنوئی، رچرڈ این گیورا اور ارشدیپ سنگھ شامل ہیں۔ 
دوسری جانب ویمنز ون ڈے ٹیم آف دی ایئرمیں فیوبے لچفیلڈ، چماری اتاپتو(کپتان)، الیسی پیری، امیلیا کیر، بیتھ مونی، نٹالی اسکوایئر برنٹ، ایشلیگ گارڈنر، انابیل سدرلینڈ، ناڈین ڈی کلارک، لیا تاہوہو اور ناہیدہ اختر شامل ہیں۔ 
آئی سی سی کی ویمنز ٹی 20 ٹیم آف دی ایئر میں چماری اتاپتو(کپتان)، بیتھ مونی، لیورا وولڈورٹ، ہیلی میتھیوز، اسکوایئر برنٹ، امیلیا کیر، الیسی پیری، ایشلیگ گارڈنر، دیپتی شرما، سوفی ایکلیسٹون اور میگن سشٹ جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔
 
یاد رہے کہ مینز کرکٹ میں پاکستانی ٹیم نے گذشتہ برس 25 میں سے 14 ون ڈے میچز جیتے ہیں،10 میں اسے شکست ہوئی جبکہ ایک غیرفیصلہ کن رہا۔  
ریکارڈز کے مطابق 11 ٹی 20انٹرنیشنل میں سے گرین شرٹس نے صرف 4 جیتے،6 میں اسے ناکامی ہوئی اور ایک نتیجہ خیز نہ ثابت ہوا۔5 ٹیسٹ میں سے 2 میں فتح ملی، دو میں شکست ہوئی جبکہ ایک ڈرا پر ختم ہوا۔ 
ٹیسٹ کے ٹاپ 15 بیٹرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں، ون ڈے میں بابر اعظم1065 رنز بنا کر چھٹے نمبر پر رہے، انھوں نے 2 سنچریاں اور 10 ففٹیز بنائیں، محمد رضوان 1023 رنز کے ساتھ ٹاپ 10 کے آخری بیٹر بنے۔ 
ٹی 20 کے نمایاں بیٹرز کی فہرست میں 100 کھلاڑیوں کے بعد بھی کوئی پاکستانی نظر نہیں آتا۔ بولرز میں شاہین شاہ آفریدی 42 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے، ان کے بعد حارث رؤف 40 وکٹوں کے ساتھ موجود ہیں، ٹیسٹ کے ابتدائی 20 بولرز میں کوئی پاکستانی کرکٹر موجود نہیں، ٹی 20میں 100 سے زائد نمایاں بولرز میں بھی کوئی گرین شرٹ بولر شامل نہیں ہے۔