news
English

فرنچائز اور انٹرنیشنل کرکٹ ایک ساتھ چلنے کو تیار

ٹیسٹ کے معاوضوں کو زیادہ پرکشش بنانے کے لیے آئی سی سی کے رکن ممالک بہتر انداز میں کام کرسکتے ہیں۔

فرنچائز اور انٹرنیشنل کرکٹ ایک ساتھ چلنے کو تیار

انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی لیگز کی حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی خواہاں ہے کیونکہ ٹی ٹوئنٹی لیگز کی بہتات انٹرنیشنل اور دو طرفہ کرکٹ کے لیے خطرہ بن چکی ہے، رواں سال ہی جنوبی افریقہ کی اور یواے ای کی لیگز کا اضافہ ہوا ہے، جولائی میں امریکا میں میجر لیگ کرکٹ ہونے والی ہے جس میں کھیلنے کے لیے کرکٹرز اپنے کنٹریکٹس کی بھی قربانی دینے کو تیار نظر آتے ہیں، لیگز کی طرف سے کھلاڑیوں کو سال بھر کے معاہدوں کی بھی پیشکش کی جارہی ہے۔

ایک انٹرویو میں آئی سی سی کے جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان نے کہا کہ دنیا بھر میں مسابقتی لیگز کی وجہ سے شائقین کو دلچسپی اور تفریح کے مواقع ملتے ہیں، آئی سی سی ایونٹس سمیت وائٹ بال کرکٹ میں مقابلے کی فضا بھی بہتر ہوئی ہے، بہرحال جس رفتار سے لیگز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ان کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کو چلانے کے نئے راستے تلاش کرنا ہوں گے، کچھ بھی ختم نہیں کیا جائے گا، معاملات کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ کو دیگر فارمیٹس اور کھلاڑیوں کو وقت نکالنے کا چیلنج درپیش ہے، اس کے باوجود ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ ممبر ملکوں اور کھلاڑیوں کو عزیز ہے، اسٹار کرکٹرز ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت پر بات کرتے نظر آتے ہیں، اہم بات یہ ہے کہ ہم ایسا شیڈول تیار کریں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو لیگز کے ساتھ ساتھ چلاسکیں، اب بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے اور دیکھنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے، اس کو قطعی طور پر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ٹیسٹ کرکٹ کے لیے کھلاڑیوں کے معاوضوں کو زیادہ پرکشش بنانے کے سوال پر وسیم خان نے کہا کہ ممبر ممالک اس معاملے کو اپنے طور پر بہتر انداز میں دیکھ سکتے ہیں۔