news
English

آئی سی سی سیکیورٹی ہیڈ کا پی سی بی حکام سے چیمپئنز ٹرافی پر تبادلہ خیال

ڈیو مسکر کا دورہ پاکستان آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کا حصہ ہے، جس کی میزبانی پاکستان فروری اور مارچ 2025 میں کرے گا۔

آئی سی سی سیکیورٹی ہیڈ کا پی سی بی حکام سے چیمپئنز ٹرافی پر تبادلہ خیال

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ہیڈ آف سیکورٹی ڈیومسکر نے منگل کےروز نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے دورے کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر اور دیگر حکام سے ملاقات کی جس میں اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ آئی سی سی کے سیکیورٹی ہیڈ نے پی سی بی حکام سے ملاقات میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے منصوبوں اور حکمتِ عملی پربھی تبادلہ خیال کیا۔ 
ڈیومسکر کا پاکستان کا یہ دورہ آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کا حصہ ہے، جس کی میزبانی پاکستان فروری اور مارچ 2025 میں کرے گا۔ 
پی سی بی حکام کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں آٹھ ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے کامیاب اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف حفاظتی انتظامات اور پروٹوکول پر توجہ مرکوز کی گئی۔ سلمان نصیر، پی سی بی کے دیگر حکام کے ساتھ، ڈیو مسکر کے ساتھ تعمیری بات چیت میں مصروف رہے اور ایونٹ کے لیے حفاظتی اقدامات کو تقویت دینے کے لیے بصیرت، تجربے اور خیالات کا تبادلہ کیا۔ 
میٹنگ میں موجودہ سیکیورٹی انفراسٹرکچر کا جائزہ لینے اور ٹورنامنٹ کی توقع میں کسی بھی بہتری یا ترمیم کے بارے میں بات کرنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔ 
غور طلب امر یہ ہے کہ اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایک وفد نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں ایونٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیاتھا۔ آئی سی سی کے وفد نے کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں معائنہ کی گئی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔