چیمپئنز ٹرافی 2025 کے تمام میچز کی میزبانی پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ڈٹ گیا ہے، بورڈ کے اِس اعتماد پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی حیران ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لئے پاکستان اپنے موقف پر ڈٹ گیا، آئی سی سی بھی حیران رہ گئی۔ آئی سی سی کو یقین نہیں کہ بھارتی حکومت ٹیم کو پاکستان جانے دے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعتماد پر آئی سی سی بھی حیران ہے، پی سی بی ایونٹ کی میزبانی کے لئے اپنے موقف پر ڈٹ گیا ہے کہ ایونٹ کے تمام میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔
اگلے سال پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک ہونا ہے، پاکستان کو برسوں بعد کسی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی ملی ہے لیکن یہ بھارت کی آنکھوں میں کھٹک رہی ہے، اس نے ابھی سے ٹیم کو نہ بھیجنے کا ڈھنڈورا پیٹنا شروع کردیا ہے جبکہ ایشیاکپ کی طرح ہائبرڈ ماڈل کی باتیں بھی ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پْرسکون ہے، پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اپنے ٹورنامنٹ میں بھارت کی شرکت خود یقینی بنائے گی۔
ادھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اس بات کا یقین نہیں کہ بھارتی حکومت ٹیم کو پاکستان جانے دے گی، چیمپئنز ٹرافی کے لیے چند میچز کسی دوسرے ملک میں کرانے کا سپلیمینٹری بجٹ بھی رکھا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکام حیران ہیں کہ 6 ماہ بعد منعقد ہونے والے ایونٹ کے لیے پی سی بی نے تاحال پلان بی کا کوئی ذکر ہی نہیں چھیڑا، یو اے ای نہ ہی سری لنکا کے ساتھ اس حوالے سے بات کی گئی، عین وقت پر مسئلہ سامنے آنے پر مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی شروع سے ہی اپنے اس موقف پر ڈٹا ہوا ہے کہ مکمل ایونٹ پاکستان میں ہی ہوگا، اگر سب آنے کو تیار ہیں تو بھارت کو کیا مسئلہ ہے، اگر پاکستانی حکام اصولی موقف پر ڈٹے رہے تو آئی سی سی کے لیے بھی ہائبرڈ ماڈل اپنانا آسان نہیں ہوگا، یوں بھارت کے آفیشل انکار پر بحرانی صورتحال سامنے آ سکتی ہے۔