news
English

آئی سی سی نے سری لنکا سے انڈر19ورلڈکپ کی میزبانی واپس لے لی  

  سری لنکن کرکٹ ٹیم پر پابندی ختم کردی ہے، ترجمان آئی سی سی

آئی سی سی نے سری لنکا سے انڈر19ورلڈکپ کی میزبانی واپس لے لی  

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سری لنکا سے انڈر 19 ورلڈکپ کی میزبانی واپس لے لی۔ 
آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بعد ترجمان نے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا، اب آئی لینڈرز کی ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ میچز میں شرکت کرتی رہے گی تاہم فنڈز کی نگرانی آئی سی سی خود کرے گا۔  
دوسری جانب انڈر 19 ورلڈکپ کی میزبانی جنوبی افریقہ کے سپرد کردی گئی ہے جو اب جنوری میں میگا ایونٹ کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے گا۔ 
 
آئی سی سی کی جانب سے ویمنز میچ آفیشلز کی فیس مردوں کے برابر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جنوری سے ویمنز مقابلوں میں ایک نیوٹرل امپائر کی تقرری کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ 
آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی20 میں آزمائشی بنیادوں پر اسٹاپ کلاک متعارف کرانے پر اتفاق کیا۔ گھڑی کا استعمال اوورز کے درمیان لگنے والے وقت کو منظم کرنے کے لیے کیا جائے گا، اگر بولنگ ٹیم پچھلا اوور مکمل ہونے کے 60 سیکنڈ کے اندر اگلا اوور کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتی ہے تو تیسری بار اننگز میں 5 رنز کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔