news
English

دو بھارتی اور ایک سری لنکن کھلاڑی آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

آئی سی سی ہال آف فیم میں سابق بھارتی اوپنر وریندرسہواگ، سابق سری لنکن بلے باز اروندا ڈی سلوا اور سابق بھارتی کپتان ایڈولجی کو شامل کیا گیا ہے۔

دو بھارتی اور ایک سری لنکن کھلاڑی آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2023 کے ہال آف فیم کا اعلان کر دیا۔ 
ہال آف فیم 2023 میں سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ، سابق سری لنکن بلے باز اراوندا ڈی سلوا اور بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ڈیاناایڈولجی شامل کیے گئے ہیں۔ 
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ان تینوں اسٹارز کو ممبئی میں جاری ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل کے دوران اعزاز سے نوازا جائے گا۔   
سابق بھارتی بلے باز وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ میں آئی سی سی اور جیوری کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ انہوں نے مجھے اس اعزاز کے قابل سمجھا اور ہال آف فیم میں شامل کیا، میں اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ اس کام (کرکٹ) میں گزارنے کے لیے بے حد شکرگزار ہوں جو مجھے سب سے زیادہ پسند تھا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جن کے ساتھ میں کھیلتا رہا ہوں اور ان لاتعداد لوگوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جنہوں نے ہمیشہ مجھے بے لوث محبت دی اور میرے لیے دعا کی۔
بھارتی کھلاڑی وریندر سہواگ نے 104 ٹیسٹ میچز میں 49.34 کی اوسط سے 8,586 رنز بنائے اور 40 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 251 ون ڈے میچز میں انہوں نے 35.05 کی اوسط سے 8,273 رنزبنائے اور 96 وکٹیں حاصل کیں، 19 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انہوں 21.88 کی اوسط سے 394 رنز بنائے۔ 
جدید دور کے سب سے تباہ کن بلے بازوں میں سے ایک، سہواگ ایک ایسے ریکارڈ کے ساتھ آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں شامل ہوگئے جس کا مقابلہ بہت سے لوگ نہیں کرپارہے۔
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان ڈیانا ایڈولجی نے 20 ٹیسٹ میچز میں 25.77 کی اوسط سے 404 رنز بنائے اور 63 وکٹیں حاصل کیں، 34 ون ڈے میچز میں انہوں نے 16.84 کی اوسط سے 211 رنزبنائے اور 46 وکٹیں لیں۔ 
ایڈولجی نے اپنے کھیل کے دنوں کے دوران میدان پر بہت بڑا اثر چھوڑا ہے، بھارتی ٹیم کی کپتانی کے اپنے کیرئیر کے بعد ایڈمنسٹریٹر کے طور پر بھی انہوں نے بہت اہم کردار ادا کیا، آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں ان کی شمولیت ایک خوش آئند اضافہ قرار دی جارہی ہے۔ 
سری لنکن بلے باز اراوندا ڈی سلوا نے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 93 ٹیسٹ میچز میں 42.97 کی اوسط سے 6,361 رنز بنائے اور 29 وکٹیں حاصل کیں، 308 ون ڈے میچز میں انہوں نے 34.90 کی اوسط سے 9,284 رنزبنائے اور 106 وکٹیں لیں۔ 
اراوندا ڈی سلوا 1996 میں سری لنکا کی ورلڈ چیمپئن بننے والی ٹیم میں شامل تھے انہیں سری لنکن کرکٹ میں ایک بہترین کھلاڑی کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔