news
English

افغانستان سے سیریز: ٹیم کا آج اعلان، ’سرپرائز‘ متوقع

افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے مجوزہ قومی ٹیم میں تبدیلی کے حوالے سے آج کئی سرپرائز متوقع ہیں۔

افغانستان سے سیریز: ٹیم کا آج اعلان، ’سرپرائز‘ متوقع

افغانستان کے خلاف شارجہ میں شیڈول 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی منظوری کے بعد پاکستانی ٹیم کا اعلان آج ہوگا، چیف سلیکٹر ہارون رشید قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس میں کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کریں گے.

اس سیریز میں سابق کپتان محمد یوسف عبوری ہیڈکوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے، ٹیم مینیجر کے طورپر منصور رانا  کو برقرار رکھا گیا ہے، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید ہوں گے۔ سپورٹ اسٹاف کی تعداد کو اس سیریز کے لیے کم رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم 21اور 22 مارچ کو شارجہ کے لیے اڑان بھرے گی۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ قومی ٹیم میں کئی سرپرائز متوقع ہیں، سلیکشن کمیٹی سینئرز کی جگہ پی ایس ایل کے پرفارمرز کو موقع دینے کے حق میں ہے۔

اس حوالے سے سلیکٹرز پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ  نجم سیٹھی  اور کپتان بابر اعظم سے منظوری کے بعد مجوزہ کھلاڑیوں کی فہرست کو حتمی شکل دیں گے۔

سلیکٹرز بابر اعظم اور محمدرضوان کو ریسٹ کرانے کے لیے ذہن بناچکے ہیں تاہم یہ فیصلہ دونوں کھلاڑیوں کی رضامندی سے مشروط ہے۔ مینیجمنٹ اگر بابر اعظم آرام کرانے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو پھر قیادت کسی نئے کھلاڑی کو سونپی جاسکتی ہے۔ جس کے لیے عماد وسیم، شاداب خان اور شان مسعود کے نام خبروں میں گردش کررہے ہیں۔