عماد وسیم ایک زمانے میں بورڈ کے فیورٹ کھلاڑی ہوا کرتے تھے
عماد وسیم کرکٹ حکام کی نظروں سے اترنے لگے جب کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے انھیں محدود صلاحیتوں کا حامل کھلاڑی قرار دیدیا۔
عماد وسیم ایک زمانے میں بورڈ کے فیورٹ کھلاڑی ہوا کرتے تھے، انھیں مستقبل کا کپتان بھی قرار دیا گیا مگر اب وہ حکام کی نظروں سے اتر سے گئے ہیں۔
دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلیے اسکواڈ کا اعلان کرنے کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ عماد وسیم کی بانسبت محمد نواز زیادہ کارآمد آل راؤنڈر نظر آتے ہیں، ہمیں ایک ایسے بولر کی ضرورت تھی جو اننگز کا آغاز یا درمیانی اوورز میں میچ کی صورتحال کے مطابق بولنگ کروا سکے،اسی طرح بیٹنگ آرڈر میں کسی نمبر پر بھی توقعات کا بوجھ اٹھا لے،محمد نواز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کیا اور اس معیار پر پورا اترتے ہیں۔
محمد وسیم نے کہا کہ عماد وسیم کی صلاحیتیں محدود ہیں،ان کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے،یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی کرکٹر صرف موافق کنڈیشنز میں ہی پرفارم کرے، دونوں کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے ہی محمد نواز کو ترجیح دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ عماد وسیم نے 55ون ڈے میچز میں 43.86کی اوسط سے 986رنز بنانے کے ساتھ 44.47کی ایوریج سے 44وکٹیں بھی حاصل کی ہیں، آل راؤنڈر نے 49ٹی ٹوئنٹی میچز میں 13.72کی اوسط سے 302رنز بنائے اور 22.76کی ایوریج سے 47شکار کیے ہیں۔
دوسری جانب محمد نواز نے 15ون ڈے میچز میں 22.11کی اوسط سے 199رنز بنائے اور 35.70کی ایوریج سے 17وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ انھوں نے 19ٹی ٹوئنٹی میچز میں 11.33کی اوسط سے 34رنز بنائے اور 26.73کی ایوریج سے 15شکار کیے ہیں۔