لاہور: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے بڑے ہدف کے دفاع میں گرین شرٹس کی ناکامی پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان نیوزی لینڈ سیریز کے پانچویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آل راؤنڈر نے کہا کہ ٹیم نے ایک اچھا ٹوٹل حاصل کرلیا تھا، بولنگ میں بھی اتنی صلاحیت تھی کہ ہدف کا دفاع کرسکتے، 3وکٹیں بہت جلد حاصل کرلی تھیں، مگر پھر مارک چیپمین نے بہت اچھی اننگز کھیلی، جم نیشم نے بھی بھرپور ساتھ دیا، بہرحال ہم اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں، میٹنگ میں مسائل پر غور کریں گے۔
ذاتی پرفارمنس کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں کنڈیشنز کا بہتر استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہوں، پاور پلے اور مڈل اوورز میں حکمت عملی مختلف ہوتی ہے، کپتان اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں، بیٹنگ میں بعض اوقات سیٹ ہونے کا وقت نہیں ملتا، جاتے ہی اسٹروکس کھیلنا پڑتے ہیں، بہرحال کم وقت میں اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوا، پی ایس ایل کے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کی لائن میں آکر اسٹروکس کھیلنے کی کوشش کی، میچ جیت جاتے تو اچھا ہوتا۔
انھوں نے کہا کہ میں خود کو میدان میں پُرسکون اور مطمئن رکھتا ہوں، ہدف یہی ہوتا ہے کہ میری کارکردگی ٹیم کے کام آسکے،اچھی بات ہے کہ کراؤڈ کھیل سے لطف اندوز ہوا، کھیل کی خوبصورتی شائقین کے دم سے ہے، امید ہے کہ ون ڈے میچز میں اسٹیڈیم بھرا ہوا ہوگا۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں عماد وسیم نے 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بیٹنگ میں صرف 52 رنز بناسکے، البتہ کئی بار ان کو آخری اوورز میں ہی بیٹنگ کا موقع مل سکا تھا۔