news
English

عماد وسیم نے بھی ون ڈے ورلڈکپ میں شرکت کی امیدیں باندھ لیں

ایشیاکپ کے اعلان کردہ اسکواڈ سے خوش ہوں، آل راؤنڈر

عماد وسیم نے بھی ون ڈے ورلڈکپ میں شرکت کی امیدیں باندھ لیں

قومی ٹیم کے آل رائونڈر عماد وسیم نے بھی ون ڈے ورلڈکپ کھیلنے کی امیدیں باندھ لیں، انھوں نے کہا کہ میں ابھی ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہوا ہوں، مکی آرتھر اور انضمام الحق دونوں ہی پلیئرز پر پہلے سے صورتحال واضح کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ 
عماد وسیم نے آخری مرتبہ ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی 2020 میں زمبابوے کے خلاف راولپنڈی میں کی تھی۔ وہ اب کیریبیئن پریمیئر لیگ کے آنے والے ایڈیشن میں جمیکا تلاواز کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ 
آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو ورلڈکپ کھلانا ہے تو اسے اچانک 2، 3 روز پہلے تو نہیں بتایا جائے گا، اس حوالے سے صورتحال واضح ہونی چاہیے، مکی آرتھر اور انضمام الحق دونوں ہی پلیئرز مناسب وقت پر اعتماد میں لینے پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے ورلڈکپ کون نہیں کھیلنا چاہے گا، اگر مجھے موقع ملا تو اسے ضرور حاصل کروں گا، میں صرف پاکستان کو ورلڈکپ، ایشیاکپ اور افغانستان کے خلاف سیریز میں جیتتا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں، ایشیاکپ کیلیے جس اسکواڈ کا اعلان کیا گیا میں اس سے بھی کافی خوش ہوں۔