news
English

عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ میں عدم دلچسپی ظاہر کردی  

آل رائونڈر نے بورڈسے لیگز کے این او سی نہ روکنے اور ورلڈکپ تک اسکواڈ میں رکھنے کا کہا۔

عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ میں عدم دلچسپی ظاہر کردی  

عماد وسیم نے سینٹرل کنٹریکٹ میں عدم دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے غیرملکی لیگز کے لیے این او سی برقرار رکھنے کی استدعا کی ہے۔ ان کے مطابق وہ حالیہ سیریز اور ورلڈ کپ 2024 میں قومی ٹیم کے لیے عمدہ کھیل پیش کرنا چاہتے ہیں۔ 
عماد وسیم نے گزشتہ روز اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کردیا اور وہ نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کریں گے، ان کی گذشتہ روزپی سی بی کے سی اواوسلمان نصیراورچیف سلیکٹروہاب ریاض سے ملاقات ہوئی۔ 
ذرائع کے مطابق عماد نے واضح کردیا کہ وہ صرف اسی صورت میں اپنا فیصلہ تبدیل کریں گے جب انھیں کم از کم ورلڈکپ تک کھلانے کی یقین دہانی کرائی جائے گی، اس پر وہاب نے انھیں کہا کہ ایسا ہی ہوگا، عماد نے لیگز این او سی میں مشکلات سے بچنے کے لیے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا تھا، انھوں نے سلمان نصیر سے کہا کہ مختلف معاہدے مکمل کرنے ہوں گے لہذا بورڈ سے درخواست ہے کہ وہ این او سی نہ روکے، البتہ جب کبھی قومی ٹیم کو ضرورت ہوئی تو وہ ضرور دستیاب ہوں گے۔ 
عماد نے سینٹرل کنٹریکٹ میں عدم دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے پاکستان کا مفاد اہم ہے، وہ ٹیم کوورلڈکپ جتوانا چاہتے ہیں، کنٹریکٹ کے بغیر بھی کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے، بورڈ حکام نے ان کی باتیں مان لی ہیں، البتہ کنٹریکٹ کا فیصلہ چیئرمین محسن نقوی سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا، واضح رہے کہ معاہدے کے بغیرکرکٹرکو نچلی کیٹیگری کے تحت ادائیگی ہوتی ہے۔ 
دوسری جانب عماد وسیم کو واپسی پر قائل کرنے میں کپتان شاہین شاہ آفریدی کا اہم کردار ہے، انھوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران آل راؤنڈر سے کہا تھا کہ قومی ٹیم کو ان کی ضرورت ہے لہذا اپنا سابقہ فیصلہ تبدیل کریں،حالیہ چند روز میں بھی شاہین نے 6 سے 7 بار عماد کو فون کیا، ان کی باتوں نے انھیں انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی ترغیب دی اور اب توقع ہے کہ عماد وسیم پاکستان نیوزی لینڈ سیریز کے بعد ورلڈ کپ 2024 میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔