news
English

عماد وسیم نے پی ایس ایل 9 کے فائنل میں تاریخ رقم کردی

اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر نے اپنے چار اوورز کے اسپیل میں صرف 23 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور متاثر کن اعداد و شمار کے ساتھ پی ایس ایل کا اختتام کیا۔

عماد وسیم نے پی ایس ایل 9 کے فائنل میں تاریخ رقم کردی

اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل رائونڈر عماد وسیم نے پی ایس ایل  سیزن 9 کے فائنل ٹاکرے میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈرعمادوسیم نے پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کے فائنل معرکے میں بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔  
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیفٹ آرم اسپنر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے اب تک ہونے والے فائنلز میں سب سے بہترین بولنگ کا ریکارڈ بنادیا۔ عماد پی ایس فائنل میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر بن گئے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر نے اپنے چار اوورز کے اسپیل میں صرف 23 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور متاثر کن اعداد و شمار کے ساتھ پی ایس ایل کا اختتام کیا۔ 
میچ میں وقفے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم کا کہنا تھا کہ یہ بہت اچھی وکٹ تھی میں نے کچھ سلو گیندیں کرائیں جس کے باعث مجھے کامیابی ملی، ہم مخالف ٹیم کو 150 رنز تک روکنا چاہتے تھے مگر اسکور اس سے کچھ آگے بڑھ گیا۔ 
واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کے فائنل میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا تھا۔ 
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔ 
عثمان خان 57 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان محمد رضوان 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جارحانہ مزاج کے بلے باز افتخار احمد نے 20 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور ایک نیا اعزاز اپنے نام کیا۔