news
English

عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی خواہش کا اظہار

عماد وسیم نے مخصوص شرائط کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔

عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی خواہش کا اظہار

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر نے بابراعظم اورمحمد رضوان کی اوپننگ جوڑی کو الگ کرنے پر اپنا موقف پیش کردیا، کہتے ہیں نوجوان کرکٹرز کے کیرئیر کو دو چار اننگز کی بنیاد پر نہیں دیکھنا چاہیے۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے بابراعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی کو تبدیل کرنے پر اپنے موقف کا کھل کر اظہار کردیا ہے۔ 
مقامی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ اگر ٹیم مینجمنٹ نے بابراعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو انہیں نوجوان کرکٹر کو مواقع دینے ہوں گے، دو چار اننگز کی بنیاد پر کسی کے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہونا چاہیے۔ 
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ سے قبل ہمارے پاس 12 میچز موجود ہیں، ہمیں یہ بات ماننی چاہیے کہ محمد رضوان اور بابر اعظم نے مختصر ترین فارمیٹ کی تاریخ میں سب سے مضبوط اوپننگ جوڑی کے طور پر خود کو قائم کیا تھا، دونوں نے مل کر اپنی ابتدائی شراکت میں 50.04 کی شاندار اوسط کے ساتھ مجموعی طور پر 2452 رنز بنائے جبکہ متعدد ریکارڈز بھی اپنے نام کیے تھے۔
 سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ اگر مجھ سے پوچھیں تو میں بابراعظم کے ساتھ اوپننگ کیلئے جاؤں گا، ہم ان پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن انہوں نے متعدد مرتبہ فتوحات میں اہم کردار ادا کیا ہے، بابراعظم نے طویل عرصے سے پاکستان کی عزت اور فخر کے ساتھ خدمت کی ہے۔
حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کرنے والے عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی خواہش کا اظہار بھی کیا، اپنی بات چیت کے دوران عماد وسیم نے مخصوص شرائط کا حوالہ دیتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کیا ہے۔