news
English

عماد وسیم کا ٹی 20ولڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی ٹیم کو نئی شکل دینے کا عزم

عماد وسیم نے قومی ٹیم کی ذہنیت اور ورلڈ کپ 2024 کی تیاریوں کے بارے میں کھل کر بات کی۔

عماد وسیم کا ٹی 20ولڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی ٹیم کو نئی شکل دینے کا عزم

قومی ٹیم کے آل رائونڈر عماد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی ٹیم کو نئی شکل دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ عمادوسیم  نے ٹیم کی ذہنیت اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے بارے میں بات چیت کی۔  
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے پختہ اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ شائقین آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں ایک نئی پاکستانی ٹیم کو دیکھیں گے۔ 
پیر کےروز ایک پریس کانفرنس میں عماد وسیم نے ٹیم کی ذہنیت اور ورلڈ کپ کے لیے گرین شرٹس کی تیاریوں کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے جیت کے لیے ٹیم کے عزم پر زور دیا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ دیکھیں، اگر میں ایماندار ہوں، اگر کوئی ٹیم ورلڈ کپ میں جاتی ہے اور کہتی ہے کہ وہ اسے جیتنے کی لگن محسوس نہیں کرتی ہے، تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ عمادوسیم نے کہا کہ ہم ورلڈ کپ جیتنے جا رہے ہیں اور ہم یہی محسوس کر رہے ہیں اور یہی سوچ لے کر جا رہے ہیں۔،، 
عمادوسیم نے پاکستان کے نئے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن کی آمد پر بھی اظہارِ خیال کیا، جنہوں نے حال ہی میں لیڈز میں ٹیم کو جوائن کیا ہے۔ 
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ ہم نے آج صبح  گیری کرسٹن کے ساتھ بات چیت کی تھی، وہ کل آئے تھے۔ وہ ایک اچھے کوچ لگ رہے ہیں ، ہم ان کے ساتھ کام کریں گے اور دیکھیں گے کہ یہ کیسے ہوتا ہے۔ لیکن دنیا بھر میں ان کا ریکارڈ حیرت انگیز ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی کوچنگ کی اور انہوں نے آئی پی ایل کی ٹیموں کی کوچنگ کی، اس لیے وہ کوچنگ کے حوالے سے بہت مشہور اور قابلِ اعتماد نام ہیں، امید ہے کہ ہم ان کی قیادت میں ترقی کریں گے۔ 
نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ کے ساتھ پاکستان کی حالیہ ٹی 20 سیریز میں شکستوں کو تسلیم کرتے ہوئے، عماد وسیم نے ان دھچکوں کو ٹیم کی ترقی اور بہتری کے مواقع کے طور پر دیکھا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہم نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ سے ہارے اور اچھی کرکٹ نہیں کھیل سکے، یہ حقیقت ہے۔ یہ اچھی بات ہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بجائے آئرلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ ہار کر دھچکا لگا۔ عماد وسیم نے اس بات کی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم [پہلے] پر سکون ہوتے تھے لیکن اب ہم نے ہر میچ اسی شدت کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاکہ شکست کے امکان کو کم سے کم کیا جاسکے۔،، 
آخر میں، عماد وسیم نے ٹیم کی نئی توجہات اور اندرونی تبدیلیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں صرف اور صرف اپنی ذات پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ہم اپنے مسائل کو درست کر رہے ہیں اور کامیابی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو بڑی شدت سے دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے ہم میٹنگز کر رہے ہیں اور کوچ، چیئرمین اور کپتان نے بات چیت کی ہے، ہم دیکھ سکتے ہیں کہ مختلف تبدیلیاں ہوئی ہیں اور آپ کو وہ تبدیلیاں ورلڈ کپ اور انگلینڈ کے ساتھ شیڈول سیریز میں نظر آئیں گی۔،، 
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 یکم جون سے امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والا ہے۔ پاکستان کو ورلڈ کپ کے گروپ اے میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکہ کے ساتھ ساتھ روایتی حریف بھارت سے ہو گا۔