ویڈیوز اور تصاویر سمیت مزید شواہد بھی موجود ہیں،الزام لگانے والی کا دعویٰ
امام الحق پر لڑکیوں سے دھوکا دہی کا الزام سامنے آگیا جب کہ واٹس ایپ پرمبینہ گفتگو کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر وائرل کردیئے گئے۔
ابھی تک اپنے چیف سلیکٹر چچا انضمام الحق کی سفارش پر کھیلنے کے الزامات کی زد میں رہنے والے امام الحق ایک اور بڑے مسئلے میں پھنس گئے ہیں، سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ایک صارف نے چند لڑکیوں کے ساتھ واٹس ایپ پر ہونے والی مبینہ گفتگو شیئر کرتے ہوئے کہاکہ اوپنر ان کو رام کہانیاں سنا کر دھوکا دیتے رہے ہیں۔
صارف نے یہ دعویٰ بھی کیاکہ امام الحق7یا 8لڑکیوںکو دام میں گرفتار کرنے کی کوشش کرتے رہے، اس کے حوالے سے ویڈیوز اور تصاویر سمیت مزید ثبوت بھی ان کے پاس موجود ہیں۔ اگر متاثرہ لڑکیوں نے اجازت دی تو ان کو منظر عام پر لایا جائے گا۔
اسکرین شاٹس میں اوپنر کی جو مبینہ گفتگو سامنے آئی اس میں ایک لڑکی کو ’’بے بی‘‘ کہہ کر پکارا اور اپنے بارے میں معلومات دی ہیں،وہ ایک اور لڑکی سے الجھتے ہوئے اس سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کرتے رہے، انھوں نے لکھاکہ میں آپ سے شادی نہیں کرسکتا لیکن محبت کرتا ہوں،ایک لڑکی سے تکرار کے بعدکہا کہ ’’بے بی‘‘ سوری، آئی لو یو۔
ایک اور گفتگو میں امام الحق نے کہا کہ میں تمہیں یہاں اپنے پاس دیکھنا چاہتا ہوں، بے اعتنائی برتنے پر ایک لڑکی نے ان کو سخت الفاظ میں طعنے بھی دیے ہیں۔