news

آئی سی سی نے ٹی 20 اور ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی

نئی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر ہیں مگر افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد چھ ریٹنگ پوائنٹس کھو چکے ہیں۔

آئی سی سی نے ٹی 20 اور ون ڈے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی گئی۔
امام الحق پاک افغان سیریز کے پہلے میچ میں زبردست کارکردگی کے باعث چھلانگ لگا کر تیسرے نمبر پر آگئے، حارث رؤف نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں کیریئر کی بہترین ریٹنگ حاصل کی۔ 
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی بلے بازوں میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ پاکستان کے محمد رضوان دوسرے اور کپتان بابر اعظم تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ 
ٹی ٹوئنٹی بولرز میں افغانستان کے راشد خان کا پہلا نمبر بدستور قائم ہے جبکہ آل راؤنڈرز میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ: 
ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کا پہلا نمبر برقرار ہے مگر افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں صفر پر آؤٹ ہونے کے بعد وہ چھ ریٹنگ پوائنٹس کھو چکے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے رسیوین ڈرڈوسن دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

پاکستان کے امام الحق ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبرپر اور بھارت کے شبھمن گَل ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے نمبر پر آگئے ہیں جبکہ فخر زمان دو درجے تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ 
ون ڈے بولرز کی رینکنگ: 
ون ڈے کرکٹ کے بولرز میں آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ افغانستان کے مجیب الرحمان 3 درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر آ گئے ہیں۔ 
گرین شرٹس کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی رینکنگ میں سات درجے بہتری ہوئی ہے وہ 36 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے نمبر پر موجود ہیں۔