news
English

امام الحق ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں شرکت کے لیے تیار

پریس کانفرنس میں امام الحق کا کہنا تھا کہ پچ اچھی نظر آرہی ہے

امام الحق ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں شرکت کے لیے تیار تصویر: فائل

برسبین ٹیسٹ باہر بیٹھ کر دیکھنے والے اوپنر امام الحق ایڈیلیڈ میں ایکشن میں آنے کیلیے تیار ہیں۔

پریس کانفرنس میں امام الحق کا کہنا تھا کہ پچ اچھی نظر آرہی ہے، ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ہونے کی وجہ سے اسٹیڈیم میں رونق بھی لگنے کا امکان ہے، برسبین میں جیت تو نہیں سکے لیکن بابر اعظم اور محمد رضوان کی مزاحمت نے دیگر کھلاڑیوں کا حوصلہ بھی جوان کیا ہے، پر اعتماد ہیں کہ ایڈیلیڈ میں کم بیک کریں گے، میچ سے قبل دو روز نیٹ سیشنز میں پنک بال کو کھیلنے کی پریکٹس کا موقع ملے گا، امید ہے بیٹسمین کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوجائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں امام الحق نے کہا کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اپنی شرکت کے بارے میں یقینی طور کچھ نہیں کہہ سکتا لیکن ایک پروفیشنل کرکٹر کو ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔ اسٹیو اسمتھ بہترین بیٹسمین اور یاسر شاہ ذہنی طور پر مضبوط ہیں، دونوں کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، مصنوعی روشنیوں میں پنک بال کے ساتھ ایکشن میں نظر آنے والے محمد عباس کینگروز کیلیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں، پیسر فٹ اور موقع ملنے پر بھرپور فائدہ اٹھانے کیلیے تیار ہیں۔