حیدرآباد دکن: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹر امام الحق ون ڈے میں تیز ترین 3000 رنز بنانے والے مشترکہ طور پر دوسرے کھلاڑی بن گئے۔
پاکستانی ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق نے منگل کے روز حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کیخلاف آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے میچ میں اپنے 3000 ون ڈے رنز مکمل کیے۔ جس کے بعد وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 3000 رنز بنانے والے مشترکہ طور پر دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
امام الحق نے یہ سنگ میل 67 ویں اننگز میں حاصل کیا جو کپتان بابر اعظم سے ایک اننگز بہتر ہے جنہوں نے 3000 رنز 68 اننگز میں بنائے تھے۔
پاکستانی اوپنر فخر زمان اور ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ نے بھی 3000 رنز 67 اننگز میں بنا رکھے ہیں۔
جنوبی افریقہ کے مایہ ناز سابق بیٹسمین ہاشم آملہ 57 اننگز میں 3 ہزار رنز بناکر تیز ترین تین ہزار او ڈی آئی رنز بنانے والے بلے بازوں میں سر فہرست ہیں۔
تیز ترین 3000 رنز بنانے والوں کی فہرست میں پاکستان کے تین بلے باز شامل ہیں جس میں بابر اعظم واحد نان اوپنر ہیں۔