news
English

بابراورامام بہترین کپتان ثابت ہوسکتے ہیں، عمران نذیر

کپتان کے لیے واحد فارمولا صرف پرفارمنس ہونا چاہیے، اس وقت بابر اعظم اور امام الحق ہی دو ایسے بیٹسمین ہیں جن کی پرفارمنس کے ساتھ تیکنیک بھی زبردست ہے

بابراورامام بہترین کپتان ثابت ہوسکتے ہیں، عمران نذیر فوٹو: پی سی بی

لاہور: ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کا کہنا ہے کہ بابر اعظم اور امام الحق بہترین کپتان ثابت ہوسکتے ہیں۔

کپتان کے لیے واحد فارمولا صرف پرفارمنس ہونا چاہیے، اس وقت بابر اعظم اور امام الحق ہی دو ایسے بیٹسمین ہیں جن کی پرفارمنس کے ساتھ تیکنیک بھی زبردست ہے، پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ ویب سائٹ کرکٹ پاکستان ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے ،کے پروگرام ان سائیڈ آؤٹ میں یوسف انجم کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوے عمران نذیر کا کہنا تھا کہ  موجودہ حالات میں سرفراز احمد کپتانی کے دباؤ میں ہیں۔

جس کی وجہ سے ان کی انفرادی کارکردگی بھی معیاری نہیں رہی، سرفراز نے میدان میں خود کو ہر معاملے میں الجھا رکھا ہے۔ بار بار بولرز کے پاس جاکر سمجھانے سے بولر زیادہ پریشر میں آجاتا ہے اورکپتان پر بھی پریشر بڑھتا جاتا ہے، کپتان خود تھوڑا اعصاب پر کنٹرول رکھے گا تو بہتر فیصلے کرسکے گا۔جارح مزاج اوپنر کے مطابق سری لنکا کے خلاف ناقص پرفارمنس نے سب کو شرمندہ کیا ہے۔

اس سیریز میں جونیئر  کھلاڑیوں کو موقع دیا جاتا تو زیادہ مناسب ہوتا، ہم کہہ سکتے کہ نئے لڑکوں کو آزمایا ، اب دورئہ آسٹریلیا میں زیادہ مشکلات پیش آئیں گی۔ آسٹریلوی سرزمین پر جو نتائج ہوسکتے ہیں اس کا اندازہ ابھی سے لگایا جاسکتا ہے، عمران نذیر نے مزید کہا کہ وہ اب مکمل تندرست اور اگلے ماہ ابوظبی میں  ٹی ٹین کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرزکی نمائندگی کے لیے محنت کررہے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ دوبارہ پاکستان کی طرف سے کھیلیں۔