news
English

بھارت سے مقابلے؛ پاکستان ایک بار پھر آئی سی سی کو قائل نہ کر سکا

بھارت کو ویمنز سیریز نہ کھیلنے کے باوجود تین پوائنٹس مل گئے

بھارت سے مقابلے؛ پاکستان ایک بار پھر آئی سی سی کو قائل نہ کر سکا فوٹو: اے ایف پی

پاکستان ایک بار پھر آئی سی سی کو قائل نہ کر سکا،بھارت کو ویمنز سیریز نہ کھیلنے کے باوجود تین پوائنٹس مل گئے، اس سے قبل کیس ہارنے پر بھی پی سی بی کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا تھا، اب بھارتی ویمنز ٹیم نے 2021 ورلڈکپ کیلیے کوالیفائی کر لیا ہے،گذشتہ برس بلو شرٹس کوچیمپئن شپ میچز کے لیے روایتی حریف کی میزبانی کرنی تھی تاہم ایسا نہ ہوسکا۔

پی سی بی  نے آئی سی  سی سے رابطہ کرکے پوائنٹس دینے کا کہا تھا،ٹیکنیکل کمیٹی میں بھارتی بورڈ نے سیریز کے لیے حکومتی اجازت نہ ملنے کا جواز پیش کیا جس پر یہ فیصلہ سنایاگیا۔ آئی سی سی اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے سری لنکا اور نیوزی لینڈ جبکہ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی سیریز کے آخری راؤنڈ میچز منسوخ کردیے گئے ہیں۔ تازہ ترین پوائنٹس ٹیبل کے تحت آسٹریلیا37،انگلینڈ 29،جنوبی افریقہ  25،بھارت 23،پاکستان 19،نیوزی لینڈ 17، ویسٹ انڈیز 13اور سر ی لنکا5 پوائنٹس کا حامل ہے۔

اگلے سال ویمنز ورلڈکپ کے میزبان نیوزی لینڈ سمیت چار ٹاپ ٹیموں کے براہ راست کوالیفائی کرنے کے بعد اب مزید تین  ٹیموں کا انتخاب ہونا ہے۔ اس حوالے سے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر 3سے 19جولائی تک سری  لنکا میں ہوگا،ان میں پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، تھائی لینڈ، زمبابوے، پاپوانیوگنی، امریکا اور ہالینڈ مدمقابل ہوں گے۔