news
English

ٹی20 ورلڈکپ 2024: کینگروز کو شکست دے کر بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا  

فتح کے لیے درکار 206 رنز کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم جلد ہی لڑکھڑا گئی جب ڈیوڈ وارنر پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔

ٹی20 ورلڈکپ 2024: کینگروز کو شکست دے کر بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا  

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری میگا ایونٹ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے اہم معرکے میں بھارت نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔ 
سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم 206 رنز کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنا سکی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 73 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فتح کے لیے درکار 206 رنز کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم جلد ہی لڑکھڑا گئی جب ڈیوڈ وارنر پہلے ہی اوور میں محض 6رنزبناکر آؤٹ ہو گئے۔ ان کے بعد کپتان مچل مارش 37، گلین میکسویل 20، ٹِم ڈیوڈ 15، مارکس اسٹوائنس 2 اور میتھیو ویڈ 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پیٹ کمنز 11 اور مچل اسٹارک 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ 
بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے 3، کلدیپ یادو نے 2 جبکہ جسپریت بمراہ اور اکشر پٹیل نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل آسٹریلیا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز اسکور کیے تھے۔ 
بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما نے ایونٹ کی تیز ترین نصف سنچری اسکور کی اور 92 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جبکہ سوریا کمار یادو 31، شِیوم دوبے 28، رشبھ پنت 15 اور ویرات کوہلی 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہاردک پانڈیا 27 اور رویندر جڈیجہ 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور مارکس اسٹوائنس نے 2، 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے 1 وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ بھارت سے شکست کے بعد کینگروز سیمی فائنل کے دوڑ سے آئوٹ ہوگئے ہیں۔ اس گروپ میں افغانستان نے آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کو یکے بعد دیگرے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے۔