بھارت کی جیت کا مارجن ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میں ان کا دوسرا سب سے بڑا مارجن تھا اور اس نے بھارت کے دو طرفہ سیریز جیتنے کے سلسلے میں بھی اضافہ کیا۔
بھارت نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو بڑے مارجن 200 رنز سے ہرا کر تین میچوں پر مشتمل سیریز 1-2 سے جیت لی۔
برائن لارا سٹیڈیم، تاروبا، ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 351 بنائے، شبھمن گل نے 85 ،ایشان کشن نے 77، کپتان ہاردک پانڈیا نے ناقابل شکست 70 اور سیمسن نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے دو جبکہ الزاری جوزف، گڈاکیش موتی اور یانک کیریہ نے ایک، ایک شکار کیا۔
352 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے باعث میزبان ٹیم 35.3 اوورز میں 151رنز پر ڈھیر ہوگئی، گڈاکیش موتی نے ناقابل شکست 39 رنز بنائے جبکہ ایلک ایتھنیز نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارت کی طرف سے شاردول ٹھاکرنے چار، مکیش کمار نے تین جبکہ کلدیپ یادو نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
فاتح ٹیم کے کھلاڑی شبھمن گل کو پلیئر آف دی میچ جبکہ ایشان کشن کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔