news
English

چیمپئنزٹرافی2025: بھارت کے تمام میچ ایک ہی شہرمیں کرانے کی تجویز

مجوزہ شیڈول کے مطابق پی سی بی کی جانب سے دو ہفتے تک جاری رہنے والے ایونٹ کی میزبانی کے لیے کراچی، لاہور اور راولپنڈی تین مقامات مختص کیے گئے ہیں۔

چیمپئنزٹرافی2025: بھارت کے تمام میچ ایک ہی شہرمیں کرانے کی تجویز

پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے بھارت کے تمام میچز لاہورمیں ہی کرانے کی تجویز سامنے آگئی۔ 
تفصیلات کے مطابق سیکورٹی وجوہات کی بنا پر چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھارتی ٹیم کے تمام میچز ایک ہی وینیو تک محدود کرنے کی تجویز دی گئی ہے جو کہ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم ہوسکتا ہے۔ 
کرکٹ کے میگا ٹورنامنٹ کا نواں ایڈیشن فروری اور مارچ 2025 میں ہونے والا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیینز ٹرافی 2025 کے مجوزہ شیڈول پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال جواب موصول نہیں ہوا۔ پی سی بی کو ابھی تک بھارتی بورڈ سے جواب کا انتظار ہے۔ 
پی سی بی کے تیار کردہ چیمپینز ٹرافی کے مجوزہ شیڈول پر آئی سی سی بھارت سمیت دیگر ممالک سے فیڈ بیک لے گا۔ فروری 2025 میں شیڈول چیمپینز ٹرافی کے لیے پاکستان نے آئی سی سی کو تین وینیوز کے نام بھجوا رکھے ہیں جس میں قذافی اسٹئڈیم لاہور، پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی شامل ہیں۔ 
سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بھارتی ٹیم کے میچز ایک ہی شہر میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ انہیں زیادہ نقل وحرکت سے بچایا جائے۔ پی سی بی کو تاحال بی سی سی آئی کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجے جانے والے جواب کا انتظار ہے۔