news

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: جنوبی افریقہ سے ہارکربھی بھارت سیمی فائنل میں

 بھارت اپنے رن ریٹ کے باعث ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا، 12 جولائی کوآسٹریلیا اور بھارت مدِمقابل ہوں گے۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: جنوبی افریقہ سے ہارکربھی بھارت سیمی فائنل میں

جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے باوجود بھارت ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں54 رنز سے ہارنے کے باوجود مین ان بلیو نے سیمی فائنل میں جگہ حاصل کرلی۔ ہندوستان کو کوالیفائی کرنے کے لیے کم از کم 153 رنز بنانے کی ضرورت تھی اور وہ 20 اوورز میں 156/6 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہا۔ 
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کرکٹ ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ نے آخری میچ میں انڈین چیمپئنز کو 54 رنز سے ہرادیا۔ شکست کے باوجود انڈین چیمپئنز نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ 
نارتھ ہیمپٹن میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ چیمپئنز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 210 رنز بنائے۔ سین مین 73 اور لیوی 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ 
بھارت کی جانب سے ہربجھن سنگھ نے چار جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 
بھارت کو جیت کے لیے 211 اور سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے153 رنز کا ہدف ملا۔ لیکن ہدف کے تعاقب میں بھارت کی پانچ وکٹیں 77 رنز پر گر گئیں۔ جس کے بعد انڈین چیمپئنز نے میچ جیتنے کے بجائے153 رنز کو ہدف بنالیا۔ 
عرفان پٹھان اور یوسف پٹھان کے درمیان 56 رنزکی زبردست شراکت قائم ہوئی۔ عرفان 35 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے تاہم یوسف پٹھان نے اگلی دو گیندوں پر ڈیل اسٹین کو یکے بعد دیگرے چھکا اور چوکا لگایا اور پھر آخری گیند پرمزید ایک چوکا لگاکر بھارت کو 153 رنز کی حد سے پار کرادیا۔ 
یوسف پٹھان نےزبردست بلے بازی کرتے ہوئے 54 رنز بنائے اورناٹ آؤٹ رہے۔  
جنوبی افریقی چیمپئنز میچ تو جیت گئی لیکن سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکی۔ 
بھارت نے ایونٹ میں چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے، سیمی فائنل میں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ پاکستان چیمپئنز ویسٹ انڈیزچیمپئنز کے مدمقابل ہوں گے۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024 کےسیمی فائنلز 12 جولائی کو ہوں گے: 
پہلا سیمی فائنل: پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز - شام 4:30 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق) 
دوسرا سیمی فائنل: آسٹریلیا بمقابلہ انڈیا - رات 8:30 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق) 
واضح رہے کہ پہلے میچ کے دوران اگر خراب موسم کھیل کے آڑے آیا تو دوسرا سیمی فائنل تاخیر سے شروع ہوگا۔ توقع ہے کہ یہ ایشیا اور آسٹریلیا میں میچز آدھی رات تک دیکھے جاسکیں گے جو ممکنہ طور پر 13 جولائی (ہفتہ) کو ختم ہوں گے۔