پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت نے تیز آغاز کیا مگر شاندار فیلڈنگ کی وجہ سے پاور پلے میں آئرلینڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
روتوراج گائیکواڑ (43 گیندوں پر 58 رنز) کی شاندار نصف کے بعد جسپریت بمراہ (15/2) کی قیادت میں گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت نے اتوار کے روز دوسرے ٹی 20 میں آئرلینڈ کو 33 رنز سے شکست دے دی۔ بھارت نے آئرلینڈ کو 20 اوورز میں 186 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں میزبان ٹیم آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 152 رنز ہی بناسکی۔
گائیکواڑ نے 43 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز بنائے جبکہ سنجو سیمسن کی 26 گیندوں پر، 40 رنز، رنکو سنگھ کی21 گیندوں، 38 رنز اور شیوم دوبے کی 16 گیندوں، 22 رنز کی اننگز نے بھی بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
آئرلینڈ کے اوپنر اینڈریو بالبرنی نے 51 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 72 رنز بنائے لیکن ان کی کوشش میزبان ٹیم کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔ بھارتی کپتان جسپریت بمراہ نے اپنی فٹنس اور فارم کا ثبوت دیتے ہوئے چار اوورز میں صرف 15 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ پرشدھ کرشنا اور روی بشنوئی نے بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ارشدیپ سنگھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس ہارنے کے بعد بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے تیز آغاز کیا لیکن شاندار فیلڈنگ کی وجہ سے پاور پلے میں آئرلینڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جیسوال11 گیندوں پر 18 رنز بناکر اسکوائر لیگ باؤنڈری پر کرٹس کیمفر کے ہاتھوں کیچ ہونے سے پہلے دو چوکے اور ایک چھکا لگاتے ہوئے عمدہ انداز میں نظر آئے، جبکہ جارج ڈوکریل نے تلک ورما کا ایک مشکل کیچ لے کر انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔
بھارت کو ابتدائی دھچکا لگنے کے بعد گائیکواڈ اور سیمسن نے تیسری وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت قائم کی۔ گائیکواڑ نے آٹھویں اوور میں کریگ ینگ کی بالنگ پر دو چوکے لگائے جبکہ سیمسن نے بھی 11ویں اوور میں جوشوا لٹل کی گیند پر تین چوکے اور ایک چھکا لگا کر 18 رنز جوڑے۔ سیمسن اپنی نصف سنچری کی طرف گامزن تھے لیکن بنجامن وائٹ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 26 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 40 رنز بنائے۔
روتوراج گائیکواڑ نے اپنی دوسری ٹی ٹوئنٹی نصف سنچری چوکے کے ساتھ مکمل کی لیکن وہ بھی کچھ دیر بعد بیری میکارتھی کا شکار ہو گئے۔ کریز پر قدم جمانے والے دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بھارت کے رن ریٹ کو نقصان پہنچا لیکن رنکو سنگھ اور دوبے نے آخری دو اوورز میں 42 رنز جوڑ کر اسے پورا کیا۔
بھارت کی جانب سے پہلی بار بیٹنگ کے لیے آنے والے رنکو نے 21 گیندوں پر دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے، جب کہ دوبے 16 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بلبرنی نے دوسرے ہی اوور میں ارشدیپ سنگھ کی گیند پر دو چوکے لگا کر اننگز کا شاندار آغاز کیا، لیکن دوسرے سرے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ پرشدھ کرشنا نے پال اسٹرلنگ اور لورکن ٹکر کو دوسرے اوور میں صفر پر پویلین بھیج دیا جبکہ روی بشنوئی نے پاور پلے کے آخری اوور میں ہیری ٹییکٹر کو بولڈ کیا۔ کرٹس کیمفر کریز پر 17 گیندیں گزاریں لیکن اس دوران ایک چھکے کی مدد سے صرف 18 رنز ہی بنا سکے۔
آئرلینڈ 10 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر صرف 64 رنز ہی بنا سکی اور اپنی اننگز کو تیز کرنے کی ذمہ داری بلبرنی پر پڑی۔ بلبرنی نے یہاں اہم کردار ادا کرتے ہوئے جارج ڈوکریل کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 30 گیندوں پر 52 رنز کی شراکت داری کی۔ جب آئرلینڈ کو 31 گیندوں پر 71 رنز درکار تھے، میزبان ٹیم کو ڈوکریل (11 گیندوں، 13 رنز) کے رن آؤٹ سے بڑا دھچکا لگا۔ بلبرنی نے 16ویں اوور میں ارشدیپ کو چھکا لگایا لیکن اگلی ہی گیند پر ان کے آؤٹ ہونے سے آئرلینڈ کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئیں۔ مارک ایڈیئر نے آخری اوور میں کچھ بڑے شاٹس لگا کر ہجوم کو محظوظ کیا لیکن وہ صرف شکست کے مارجن کو کم کرسکے۔ بمراہ نے آخری اوور میڈن پھینکتے ہوئے اڈیر (15 گیندوں پر 23 رن) کو آئوٹ کیا اور بھارت کو 33 رنز سے فتح دلائی۔ بھارت اور آئرلینڈ اب بدھ کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں آمنے سامنے ہوں گے۔