news
English

بھارت نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میں8 وکٹوں سےشکست دے دی

بھارتی ٹیم نے پہلا ون ڈے جیت کر 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

بھارت نے جنوبی افریقہ کو پہلے ون ڈے میں8 وکٹوں سےشکست دے دی

بھارتی بولرز ارشدیپ سنگھ اور اویس خان کی زبردست بولنگ کے بعد شیریاس ائیر اور سائی سدرشن کی عمدہ پرفارمنس کے باعث بھارت نے جنوبی افریقہ کو 8 وکٹوں سے ہرادیا۔ 
تفصیلات کے مطابق بلیوشرٹس نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ 
میچ میں جنوبی افریقہ نے بھارتی ٹیم کو 117 رنز کا ہدف دیا تھا جو اس نے 16.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ بھارت کی طرف سے عمدہ گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارشدیپ سنگھ نے 5 وکٹیں لیں جبکہ اویس خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد بلے بازی میں شیریاس ائیر اور سائی سدرشن نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ 
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کو کسی خاص پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ رتوراج گائیکواڑ کے 23 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد سائی سدرشن اور شیریاس ائیر نے 88 رنز کی شراکت قائم کر کے بھارت کو میچ جتوا دیا۔ سائی سدرشن نے اپنا ڈیبیو میچ کھیلتے ہوئے 43 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز بنائے، جس میں 9 چوکے شامل تھے جبکہ شیریاس ائیرنے 45 گیندوں پر 52 رنز کی زبردست اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ 
قبل ازیں، جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا، مگر جنوبی افریقہ کا آغاز انتہائی خراب رہا اور پاور پلے میں ہی اس کی چار وکٹیں گرگئیں۔ یہ چاروں وکٹیں ارشدیپ سنگھ نے حاصل کیں۔ ارشدیپ سنگھ نے اپنے پہلے ہی اوور میں ریزا ہینڈرکس اور رسی وین ڈیر ڈوسن کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ بعد میں ارشدیپ سنگھ نے دوسرے اوپنرز ٹونی ڈی زارزی اور ہینرک کلاسن کو آؤٹ کیا۔ 
ارشدیپ سنگھ کے بعد اویس خان کا جادو نظر آیا اور انہوں نے کپتان ایڈن مارکرم اور ویان مولڈر کو لگاتار گیندوں پر آؤٹ کر کے افریقی ٹیم کی حالت خراب کردی۔ اس کے بعد اویس خان نے خطرناک بلے باز ڈیوڈ ملر اور کیشو مہاراج کو بھی پویلین بھیج دیا۔ 73 رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ جنوبی افریقہ 100 رنز بھی نہیں بنا پائے گا لیکن اینڈائل پہلوکوائیو نے کچھ بڑے شاٹس کھیل کر جنوبی افریقہ کو 116 رنز تک پہنچایا، تاہم میچ جنوبی افریقہ کے ہاتھ نہ آسکا۔ 

اس جیت کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 19 دسمبر کو پورٹ ایلزبتھ میں کھیلا جائے گا۔