news
English

بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز1-2 سے اپنے نام کرلی

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ گابا میں کھیلا گیا

بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز1-2 سے اپنے نام کرلی فوٹو: رائٹرز

بھارت نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹیسٹ میں شکست دے کر 4 میچوں کی سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کرلی۔

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ گابا میں کھیلا گیا جس میں کینگروز نے پہلی اننگز میں مارنس لبوشین کی سنچری کی بدولت 369 رنز بنائے جس کے جواب میں بھارتی نے ڈیبو کھلاڑی واشنگٹن سندر اور شردل ٹھاکر کی نصف سنچریوں کی بدولت 336 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

آسٹریلیا دوسری اننگز میں 294 رنز ہی بناسکی اور یوں بھارت کو جیت کے لیے 328 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں بھارت کی نوجوان اوپننگ بلے باز شبمن گل نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 91 رنز بنائے اور پچارہ نے نصف سنچری اسکور کی لیکن بھارت کی جیت میں اصل کردار وکٹ کیپر بلے باز ریشابھ پانٹ نے ادا کیا۔

ریشابھ پانٹ نہ صرف وکٹ پر رکے رہے بلکہ آخری لمحات میں تیز اننگز کھیل کر بھارت کو جیت سے ہمکنار کروایا، وہ 138 گیندوں پر 89 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جس پر انہیں مین آف دی میچ سے بھی نوازا گیا۔

دوسری جانب بھارت آسٹریلیا کو سیریز میں شکست دینے کے بعد آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگیا، دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ اور تیسرے نمبر پر آسٹریلیا موجود ہے۔

بھارت اس فتح کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں بھی دوسرے نمبر پر آگیا ہے، نیوزی لینڈ پہلے نمبر پر موجود ہے اور آسٹریلیا تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے۔

واضح رہے آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میچ میں صرف 36 رنز پر آل آؤٹ کرکے نا صرف ریکارڈ قائم کیا تھا بلکہ میچ میں بھی بھارت کو شکست سے دوچار کیا تھا لیکن اس کے بعد بھارت نے سیریز میں شاندار کم بیک کرکے ناقدین کو خاموش کردیا، دوسرے میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 8 وکٹ سے شکست دی اور تیسرا ہارا ہوا ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہا۔