news
English

بھارت نے سری لنکا کو با آسانی ہرا دیا

روہت شرما اور راہول نے شاندار سنچریاں اسکور کرکے ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا

بھارت نے سری لنکا کو با آسانی ہرا دیا فوٹو: سوشل میڈیا

بھارت نے روہت شرما اور راہول کی شاندار سنچریوں کی بدولت سری لنکا کو7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

اس فتح کے ساتھ بھارت پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگیا ہے،بھارت نے 9 میں سے 7 میچوں میں کامیابی حاصل کی، ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ ایک میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے ایک پوائنٹ دیا گیا۔

 

 

لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر بھارت کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، سری لنکا کی جانب سے کپتان کرونارتنے اور کوشل پریرا نے اننگز کا آغاز کیا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں بالترتیب 10 اور 18 رنز پر جسپرٹ بمرا کا شکار بنے۔

اوشکا فرنانڈو 20 رنز بنانے کے بعد پانڈیا کا شکار بنے اور کوشل مینڈس 3 رنز پر جڈیجا کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ 55 رنز پر 4 اہم کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد اینجلو میتھیوز اور تھریمانے نے ذمہ دارنہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 124 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

تھریمانے 53 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم اینجلو نے اس ورلڈکپ میں پہلی سنچری اسکور کی وہ 113 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ ڈی سلوا 29 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے جسپرٹ بمرا نے 3، جڈیجا، پانڈیا اور کلدیب یادیو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز روہت شرما اور راہول نے 189 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں اور بھارت نے مطلوبہ ہدف صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، روہت شرما 103، راہول 111 اور پانٹ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان ویرات کوہلی 31 اور پانڈیا صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے ملنگا، ادانا اور راجیتھا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔