احمد آباد میں پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں سچن ٹنڈولکر، رجنی کانت، امیتابھ بچن اور ارجیت سنگھ سمیت دیگر ستارے شریک ہوں گے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی رنگا رنگ تقریب منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں بالی ووڈ کے نامور ستاروں کی شرکت متوقع ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 14 اکتوبر کو احمد آباد کے کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک بھارت میچ سے قبل موسیقی کی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں سچن ٹنڈولکر، رجنی کانت، امیتابھ بچن اور ارجیت سنگھ شریک ہونگے۔ تقریب دن 12 بجکر 40 منٹ پر شروع ہوگی اور 1 بجکر 10 منٹ پر اختتام پذیر ہوگی جس کے بعد میچ کے لیے ٹاس ہوگا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا آغاز افتتاحی تقریب سے نہیں ہوا تھا تاہم اب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی 14 اکتوبر کو پاک بھارت میچ کے موقع پر ایک میوزیکل تقریب منعقد کرنا چاہتا ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق پاک بھارت میچ دیکھنے کیلئے اہم شخصیات کی اسٹیڈیم میں آمد متوقع ہے جبکہ 20 سے 25 پاکستانی صحافی بھی میچ کی کوریج کے لیے آئیں گے۔
دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم بھارت کیساتھ میچ کیلئے بدھ کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے احمد آباد پہنچ گئی۔ قومی کرکٹرز آج پورا دن آرام کریں گے اور جمعرات اور جمعہ کو ٹریننگ کریں گے۔